QR CodeQR Code

میں نے ساری کشتیاں جلا دیں، اب پیچھے مڑ کر نہیں دیکھنا، عمران خان

8 Aug 2020 00:30

منصوبے کا افتتاح کرتے ہوئے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ 2004ء سے کوشش کر رہے تھے کہ یہ پراجیکٹ شروع ہو لیکن نہیں شروع ہوسکا، اسلام آباد کے بعد یہ دوسرا پراجیکٹ ہوگا، جہاں یہ نیا شہر بننے جا رہا ہے، اس پراجیکٹ سے روزگار کے مواقع پیدا ہونگے، اوورسیز پاکستانیوں کو سرمایہ کاری کیلئے بڑے مواقعے دیئے جائینگے۔


اسلام ٹائمز۔ وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ میں نے اب پیچھے مڑ کر نہیں دیکھنا کیونکہ میں نے ساری کشتیاں جلا دی ہیں۔ وزیراعظم عمران خان نے ’’راوی ریور اربن ڈویلپمنٹ اتھارٹی‘‘ کا افتتاح کر دیا۔ اس موقع پر وزیراعظم کا کہنا تھا کہ 2004ء سے کوشش کر رہے تھے کہ یہ پراجیکٹ شروع ہو لیکن نہیں شروع ہوسکا، اسلام آباد کے بعد یہ دوسرا پراجیکٹ ہوگا، جہاں یہ نیا شہر بننے جا رہا ہے، اس پراجیکٹ سے روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے، اوورسیز پاکستانیوں کو سرمایہ کاری کے لیے بڑے مواقعے دیئے جائیں گے، چاہتے کہ پاکستان میں جو پیسہ پڑا ہوا ہے، وہ اس پراجیکٹ میں استعمال ہو۔ وزیراعظم نے کہا کہ یہ پراجیکٹ 50 ہزار ارب روپے کا ہے، میں اس پراجیکٹ کی کارکردگی خود دیکھوں گا، لاہور کو بچانے کیلئے راوی پراجیکٹ بہت ضروری ہے، اگر یہ پراجیکٹ نہ بنا تو لاہور کا حال کراچی جیسا ہو جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے دو سال بہت مشکل سے گزارے ہیں، این آر او والے ہر جگہ اکٹھے ہو جاتے تھے، این آر او دو تو مسئلہ کشمیر پر ساتھ دیں گے، کہا جاتا تھا کہ این آر او دو تو ایف اے ٹی ایف کا بل پاس کریں گے۔

اس سے قبل صوبہ پنجاب کے سول افسران بشمول انتظامی محکموں کے سیکریٹریز، کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز، ریجنل پولیس افسران سے ویڈیو لنک خطاب میں وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کو مشکل معاشی صورتحال کا سامنا رہا۔ معیشت قرضوں کے بوجھ تلے دبی رہی، جس کی وجہ سے تعلیم، صحت اور ترقیاتی منصوبوں کے لیے مطلوبہ وسائل کی کمی درپیش رہی، کرپشن کی وجہ سے بھی معیشت کو بے حد نقصان پہنچا ہے، اسی وجہ سے ہماری حکومت نے کرپشن کے خلاف جہاد شروع کیا۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ کورونا وباء کے دوران موثر اقدامات کرنے پر پنجاب کی انتظامیہ کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں، محکموں میں جزا اور سزا کا نظام متعارف کرایا جائے، تاکہ کارکردگی میں بہتری آئے، کرپشن اور نااہلی کی کوئی گنجائش نہیں، غریب آدمی سے ہمدردی رکھیں، تھانہ کلچر ختم کر دیں، گورننس کی بہتری ملکی ترقی کے لئے ضروری ہے۔


خبر کا کوڈ: 878965

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/878965/میں-نے-ساری-کشتیاں-جلا-دیں-اب-پیچھے-مڑ-کر-نہیں-دیکھنا-عمران-خان

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org