0
Saturday 8 Aug 2020 01:55

وفاقی وزیر خارجہ کا او آئی سی کے بارے میں مؤقف امت مسلمہ کی سوچ کی ترجمانی کرتا ہے، علامہ ناصر عباس جعفری

وفاقی وزیر خارجہ کا او آئی سی کے بارے میں مؤقف امت مسلمہ کی سوچ کی ترجمانی کرتا ہے، علامہ ناصر عباس جعفری
اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ ناصر عباس جعفری نے کہا ہے کہ عالم اسلام کو درپیش سنگین مسائل کے حل نہ ہونے کی ذمہ داری او آئی سی پر بھی عائد ہوتی ہے، وفاقی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا او آئی سی کے بارے میں موقف جاندار، مدلل اور امت مسلمہ کی سوچ کی ترجمانی کرتا ہے، اسلامی تعاون تنظیم میں موجود عرب ممالک نے مسلم امہ کو سخت مایوس کیا ہے، شاہ محمود قریشی کا نجی چینل کو دیئے جانے والا انٹرویو حقائق پر مبنی اور بے لاگ تبصرہ تھا جو لائق تحسین ہے۔ ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ کشمیر، فلسطین، یمن سمیت دنیا بھر کے مسلمان عالم استکبار کے نرغے میں ہیں، طاغوتی طاقتیں مسلمانوں کو بند گلی کی طرف دھکیل رہی ہیں، اسلام کو دہشت گردی سے نتھی کرکے مسلمانوں کو دنیا بھر میں تنہا کرنے کی سازش کو تیزی سے پروان چڑھایا جا رہا ہے۔

علامہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ یہود و نصاریٰ کے پے رول پر موجود مسلم حکمران اور مذہبی تنظیمیں شدت پسندانہ نظریات ابھار کر دین اسلام کے حقیقی تشخص کو داغدار کرنے میں پیش پیش ہیں، ایسی صورتحال میں ان عرب ممالک کو اپنا کردار اد کرنا چاہیئے تھا، جن کی امت مسلمہ میں ساکھ قدرے بہتر ہے، اس طرح دفاعی پوزیشن اختیار کرتے ہوئے اسلام کی حقیقی شناخت کو بحال رکھنے کا فریضہ بھی ادا ہو جاتا، لیکن عرب ممالک نے اپنا سارا زور یہود و نصاریٰ کی خوشنودی حاصل کرنے میں لگایا ہوا ہے، دنیا بھر میں مسلمانوں کے قتل عام پر مسلم ممالک کی خاموشی لاتعداد سوالات پیدا کر رہی ہے، او آئی سی میں موجود عرب ممالک کو اپنی پوزیشن بہتر بنانے کے لئے اپنے اہداف کا ازسر نو تعین کرنا ہوگا۔
خبر کا کوڈ : 878977
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش