QR CodeQR Code

کل میں شہر کے دورے پر تھا، کسی کو ماسک پہنا ہوا نہیں دیکھا، وزیراعلیٰ سندھ

8 Aug 2020 14:38

اجلاس سے خطاب میں مراد علی شاہ نے کہا کہ میں چاہتا ہوں کہ 14 اگست کو مزار قائد پر اسکولوں کے بچوں کو نہ بلایا جائے، گورنر کو اس سلسلے میں درخواست کروں گا کہ ہم دونوں ہی مزار قائد پر جاکر چادر چڑھائیں، ایس او پیز پر عمل کرکے دکھانا ہوگا تب جاکر عوام عمل کریں گے۔


اسلام ٹائمز۔ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کورونا وباء سے لوگوں کی لاپرواہی کی نشاندہی کرتے ہوئے کہا ہے کہ کل جب وہ شہر کے دورے پر نکلے تو انہوں نے کسی کو ماسک پہنے ہوئے نہیں دیکھا۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ کی زیر صدارت کورونا سے متعلق ٹاسک فورس کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ ہمیں لوگوں کے رویوں میں تبدیلی لانی ہوگی، کل میں شہر کے دورے پر تھا، کسی کو ماسک پہنا ہوا نہیں دیکھا، پوچھنے پر بتایا گیا کہ نماز پر گئے تھے اس لئے ماسک نہیں پہنا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت این سی سی اجلاس میں زیادہ تر سروسز کو کھولنے کی تجویز سامنے آئی تھی، ہم نے کہا کہ صوبائی حکومت صورت حال دیکھ کر اپنی تجاویز دے گی، ہمارے فیصلوں کی دیگر صوبوں نے پیروی کی ہے، این سی سی اجلاس میں 15 ستمبر سے اسکولز اور شادی ہالز کھولنے کی عارضی تاریخ دی گئی ہے۔

مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ ہم اسکولز، ریسٹورنٹس، درگاہیں اور کاروباری سرگرمیاں کھول دیں گے، تاہم ستمبر کے پہلے ہفتے میں دوبارہ صورت حال کا جائزہ لیا جائے گا، صورت حال اچھی ہوگی تو یہ سب سروسز کھولنے کا فیصلہ کریں گے، ہم جو بھی سروسز کھولیں گے وہ ایس او پیز کے تحت ہوں گی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ میں چاہتا ہوں کہ 14 اگست کو مزار قائد پر اسکولوں کے بچوں کو نہ بلایا جائے، گورنر کو اس سلسلے میں درخواست کروں گا کہ ہم دونوں ہی مزار قائد پر جاکر چادر چڑھائیں، ایس او پیز پر عمل کرکے دکھانا ہوگا تب جاکر عوام عمل کریں گے۔


خبر کا کوڈ: 879044

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/879044/کل-میں-شہر-کے-دورے-پر-تھا-کسی-کو-ماسک-پہنا-ہوا-نہیں-دیکھا-وزیراعلی-سندھ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org