QR CodeQR Code

کراچی کے 3 بڑے نالوں کی صفائی کا کام مکمل

8 Aug 2020 14:50

این ڈی ایم اے کے ترجمان کے مطابق 3 بڑے نالوں پر تمام 42 چوک (بند) پوائنٹس کو کلیئر کردیا گیا ہے، نالوں سے تقریباً 31 ہزار ٹن کچرا نکالا گیا، شہر میں صورتحال اور نظام زندگی عمومی طور پر نارمل ہے۔


اسلام ٹائمز۔ صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں 3 بڑے نالوں کی صفائی کا کام 100 فیصد مکمل کرلیا گیا، نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے ترجمان کے مطابق تینوں بڑے نالوں پر تمام 42 چوک (بند) پوائنٹس کو کلیئر کردیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر صوبائی دارالحکومت کراچی میں برساتی نالوں کی صفائی کے پانچویں روز تینوں بڑے نالوں پر صفائی کا کام 100 فیصد مکمل کرلیا گیا۔ صفائی کا کام تعمیراتی انجینیئرنگ کمپنی فرنٹیئر ورکس آرگنائزیشن (ایف ڈبلیو او) نے کیا ہے۔ این ڈی ایم اے کے ترجمان کے مطابق 3 بڑے نالوں پر تمام 42 چوک (بند) پوائنٹس کو کلیئر کردیا گیا ہے، نالوں سے تقریباً 31 ہزار ٹن کچرا نکالا گیا۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ کارساز، کے ڈی اے چورنگی، گورا قبرستان، مچھر کالونی اور ٹاور چوک سے پمپس کے ذریعے پانی نکال دیا گیا ہے جبکہ شارع فیصل، ائیرپورٹ، کلفٹن بلاک 8 اور گجر نالے پر کام جاری ہے۔

ترجمان کے مطابق شہر میں صورتحال اور نظام زندگی عمومی طور پر نارمل ہے۔ خیال رہے کہ ایف ڈبلیو او کو 8 اگست تک تینوں نالوں کی مکمل صفائی کا ٹاسک دیا گیا تھا اور وزیراعظم کو روزانہ کی بنیاد پر کام کی پیشرفت سے آگاہ کیا جاتا رہا۔ دوسری جانب انتظامیہ کے مطابق اب بھی کئی مقامات ایسے ہیں جہاں پر نالوں کی صفائی کا کام ایک مشکل ٹاسک بنا ہوا ہے، سولجر بازار میں رہائشی علاقے سے گزرنے والا نالہ کچرے سے بھرا ہوا ہے، گلیاں تنگ ہونے کے باعث ایف ڈبلیو او کی بھاری مشنیری کی وہاں تک رسائی ممکن نہیں۔


خبر کا کوڈ: 879046

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/879046/کراچی-کے-3-بڑے-نالوں-کی-صفائی-کا-کام-مکمل

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org