QR CodeQR Code

بابری مسجد کی جگہ مندر کی تعمیر پر عرب ممالک احتجاج کریں، اعجاز ہاشمی

8 Aug 2020 16:01

جے یو پی کے مرکزی صدر کا کہنا تھا کہ ہندوستان میں مسلمانوں پر عرصہ حیات تنگ کر دیا گیا ہے، مسجدوں کو مندر میں تبدیل کیا جا رہا ہے، مسلم اکثریتی آبادیوں کو تنگ کیا جا رہا ہے، ان کے کاروبار تباہ کئے جا رہے ہیں، انہیں سیاسی آزادی تو پہلے ہی حاصل نہیں، مذہبی آزادی بھی سلب کی جا رہی ہے، بھارت سیکولر نہیں، ایک انتہا پسند ہندو ریاست ہے۔


اسلام ٹائمز۔ جمعیت علمائے پاکستان کے مرکزی صدر اور نائب صدر متحدہ مجلس عمل پیر اعجاز احمد ہاشمی نے خود بھارتی وزیراعظم مودی کی طرف سے بابری مسجد کی جگہ مندر کی تعمیر کے افتتاح کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے امت مسلمہ کیلئے چیلنج قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ عالم اسلام خاص طور پر عرب ممالک کو غیرت کا مظاہرہ کرتے ہوئے سفارتی سطح پر احتجاج کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان میں مسلمانوں پر عرصہ حیات تنگ کر دیا گیا ہے، مسجدوں کو مندر میں تبدیل کیا جا رہا ہے، مسلم اکثریتی آبادیوں کو تنگ کیا جا رہا ہے، ان کے کاروبار تباہ کئے جا رہے ہیں، انہیں سیاسی آزادی تو پہلے ہی حاصل نہیں، مذہبی آزادی بھی سلب کی جا رہی ہے، بھارت سیکولر نہیں، ایک انتہا پسند ہندو ریاست ہے۔

لاہور میں عہدیداروں سے خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ صرف زبانی احتجاج کافی نہیں، اقوام متحدہ میں بھارتی مسلمانوں پر ہونیوالے مظالم پر مسلمان ممالک کو احتجاج کرنا چاہیے، مساجد کو مندروں میں تبدیل کرنے سے پوری امت مسلمہ کی دل آزاری ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسجد ہر مسلمان کی یہ عبادت گاہ ہے، عرب ممالک میں مندر بنانے کی اجازت دی گئی، پاکستان میں مندروں کی تزئین و آرائش ہو رہی ہے، جبکہ بھارت میں صرف مسلمان ہی نہیں، مسیحی، سکھ اور چھوٹی ذات کے ہندو بھی برہمن ہندووں کے مظالم کا شکار ہیں، اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں کو فوری نوٹس لینا چاہیے۔


خبر کا کوڈ: 879060

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/879060/بابری-مسجد-کی-جگہ-مندر-تعمیر-پر-عرب-ممالک-احتجاج-کریں-اعجاز-ہاشمی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org