QR CodeQR Code

'سمودی دالیا' کی شہادت سنگین جرم اور صیہونی دہشتگردی کی بدترین مثال ہے، فلسطینی مزاحمتی محاذ

8 Aug 2020 20:15

ترک خبررساں ایجنسی آناڈولو کیمطابق فلسطینی مزاحمتی تحریکوں حماس و جہاد اسلامی نے صیہونی فائرنگ کے نتیجے میں 23 سالہ سمودی دالیا کی شہادت پر الگ الگ مذمتی بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس فلسطینی شہیدہ کے بن ماں کے بچے، قابض رژیم سے مقابلے اور انہیں اپنی سرزمین سے نکال باہر کرنیکی جدوجہد میں فلسطینی قوم کی پائیداری، استحکام اور مزاحمت کی زندہ تصویر ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ فلسطینی شہر جنین میں اپنے گھر کے اندر صیہونی فوج کی اندھادھند فائرنگ کے نتیجے میں ایک فلسطینی خاتون کی شہادت پر فلسطینی مزاحمتی محاذ کی جانب سے الگ الگ مذمتی بیان جاری کئے گئے ہیں۔ فلسطینی مزاحمتی تحریک حماس کے ترجمان حازم قاسم نے اس حوالے سے کہا ہے کہ سمودی دالیا کی شہادت کا باعث بننے والا صیہوننی اقدام، اسرائیل کا ایک نیا جرم اور بدترہن صیہونی دہشتگردی کی ایک مثال ہے۔ انہوں نے کہا کہ صیہونیوں کے بڑھتے جرائم ہماری مجاہد قوم کے لئے انقلاب کو مزید بڑھاوا دینے والی آگ ثابت ہوں گے جبکہ فلسطینی قوم کی جدوجہد قابض صیہونی رژیم کے مکمل خاتمے سے قبل ہرگز نہیں رُکے گی۔

ترک خبررساں ایجنسی آناڈولو کے مطابق فلسطینی مزاحمتی تحریک الجہاد الاسلامی فی فلسطین کے مرکزی رہنما خضر عدنان نے بھی صیہونی فوجیوں کی اندھادھند فائرنگ کے نتیجے میں سمودی دالیا کی شہادت پر تبصرہ کرتے ہوئے اسے ایک غیر انسانی اقدام اور سنگین جرم قرار دیا ہے۔ خضر عدنان نے اپنی گفتگو میں کہا کہ فلسطینی شہیدہ سمودی دالیا کے بن ماں کے بچے، قابض رژیم سے مقابلے اور انہیں اپنی سرزمین سے نکال باہر کرنے کی جدوجہد میں فلسطینی قوم کی پائیداری، استحکام اور مزاحمت کی زندہ تصویر ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز غاصب صیہونی فوج نے فلسطینی شہر جنین پر دھاوا بول دیا تھا جبکہ فلسطینی نوجوانوں کی جانب سے پیش کی جانے والی مزاحمت پر صیہونی فوجیوں نے اندھادھند فائرنگ کر دی تھی جس کے باعث اپنے گھر کے اندر موجود 23 سالہ سمودی دالیا صیہونی فوج کی فائرنگ کا نشانہ بن کر شہید ہو گئی تھیں۔


خبر کا کوڈ: 879110

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/879110/سمودی-دالیا-کی-شہادت-سنگین-جرم-اور-صیہونی-دہشتگردی-بدترین-مثال-ہے-فلسطینی-مزاحمتی-محاذ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org