QR CodeQR Code

APC تاخیر کا شکار

مسلم لیگ اور پیپلز پارٹی کے کردار سے فضل الرحمٰن ناراض

9 Aug 2020 10:08

ذرائع کے مطابق حزب اختلاف میں اعتماد کی کمی کے باعث ابھی تک اے پی سی کی تاریخ تو کیا اس کا ایجنڈا بھی طے نہیں ہو سکا۔


اسلام ٹائمز۔ پیپلز پارٹی اور نواز لیگ اے پی سی کے معاملے پر ایک پیج پر نہ آ سکیں، اپوزیشن کی آل پارٹیز کانفرنس مزید تاخیر کا شکار ہو گئی، پارلیمانی ذرائع کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی نے مسلم لیگ (ن) کی خاموشی کے بعد آئندہ کی حکمت عملی پر غور شروع کر دیا ہے۔ مسلم لیگ (ن) نے عید کے فورا بعد اے پی سی سے متعلق یقین دہانی کرائی تھی، ذرائع نے کہا کہ عید گذرنے کے باوجود نواز لیگ تاحال خاموش ہے، جس کے بعد پیپلز پارٹی نے اے پی سی بلانے پر غور شروع کر دیا ہے۔ پیپلزپارٹی کے ذرائع نے کہا کہ غور کیا جا رہا ہے کہ اے پی سی بلا کر نواز لیگ کو شرکت کی دعوت دی جائے، یہ مسلم لیگ (ن) پر منحصر ہے کہ وہ اے پی سی میں شرکت کرتے ہیں یا نہیں۔ پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں بلز کی منظوری کے دوران بڑی جماعتوں کے کردار سے جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان ناراض ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ جے یو آئی نے حکومت کیخلاف اکیلے تحریک چلانے کی تیاریاں شروع کر دی ہیں، اس سلسلے میں مولانا فضل الرحمٰن نے 7 ستمبر کو پشاور میں احتجاجی جلسے اور ریلی کی کال بھی دیدی ہے۔

ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ احتجاجی تحریک سے قبل مولانا فضل الرحمٰن نے مسلم لیگ (ن) اور پیپلزپارٹی سے تحریری معاہدے کی شرط بھی رکھ دی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اپوزیشن جماعتوں میں اتفاق نہ ہونے پر پیپلزپارٹی اور فضل الرحمن نے الگ الگ پرواز پر غور شروع کر دیا ہے۔ سابق اسپیکر قومی اسمبلی اور مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما سردار ایاز صادق کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) آل پارٹیز کانفرنس کی اہم پارٹی ہے اور مسلم لیگ (ن) کی قیادت اے پی سی میں شرکت کے فیصلے پر قائم ہے۔ سردار ایاز صادق نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ پی پی پی کے ساتھ میں مکمل رابطے میں ہوں، اے پی سی رابطہ کمیٹی کے کنونیز اکرم درانی سے احسن اقبال کے تازہ رابطے ہوئے ہیں اور آئندہ ہفتے اے پی سی ایجنڈے کی تیاری مکمل ہو جائیگی۔ ایاز صادق نے کہا کہ اے پی سی ہو گی اور اسی ماہ ہو گی۔ ذرائع کے مطابق حزب اختلاف میں اعتماد کی کمی کے باعث ابھی تک اے پی سی کی تاریخ تو کیا اس کا ایجنڈا بھی طے نہیں ہو سکا اور اسکی بڑی وجہ بھی دونوں جماعتوں کا ایک پیج پر نہ آنا ہے۔


خبر کا کوڈ: 879175

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/879175/مسلم-لیگ-اور-پیپلز-پارٹی-کے-کردار-سے-فضل-الرحم-ن-ناراض

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org