QR CodeQR Code

اپوزیشن جماعتوں کا چیئرمین نیب سے مستعفی ہونے کا مطالبہ

9 Aug 2020 10:42

مسلم لیگ (ن) کے سیکریٹری اطلاعات مریم اورنگزیب نے ایک بیان میں کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کے سیاسی مخالفین کو نوٹسز بھیجنے کے بجائے چیئرمین نیب کو مستعفی ہو جانا چاہیے۔


اسلام ٹائمز۔ قومی احتساب بیورو پر سخت تنقید جاری رکھتے ہوئے ملک کی 2 بڑی اپوزیشن جماعتوں مسلم لیگ (ن) اور پاکستان پیپلز پارٹی نے نیب کے افعال اور تعیناتیوں سے متعلق سپریم کورٹ کے حالیہ حکم نامے اور ہیومن رائٹس واچ (ایچ آر ڈبلیو) کی بیورو کو سیاسی آلہ کے طور پر استعمال کرنے کے رپورٹ کے بعد چیئرمین نیب سے ایک مرتبہ پھر مستعفی ہونے کا مطالبہ کر دیا۔ ذرائع کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے سیکریٹری اطلاعات مریم اورنگزیب نے ایک بیان میں کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کے سیاسی مخالفین کو نوٹسز بھیجنے کے بجائے چیئرمین نیب کو مستعفی ہو جانا چاہیے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ لوگوں کے خلاف ریفرنس دائر کرنے سے قبل ہی کیسز سے متعلق معلومات میڈیا کو فراہم کر کے نیب توہین عدالت کا مرتکب ہو رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ نے اپنے حکم نام میں واضح کیا ہے کہ نیب لوگوں کے میڈیا ٹرائل میں ملوث ہے اور ساتھ ہی بیورو کو ریفرنس دائر کرنے سے قبل کوئی خبر میڈیا کو نہ دینے کی ہدایت کی گئی تھی۔ انہوں نے کہا کہ "ذرائع" سے میڈیا کو خبریں فراہم کرنا سپریم اور ہائی کورٹس کے احکامات کی خلاف ورزی اور توہین ہے۔ یاد رہے کہ پیراگون سٹی کے تفصیلی حکم نامے میں عدالت افسوس کا اظہار کیا تھا کہ نیب یقیناً قومی مفاد کی خدمت نہیں کررہا بلکہ اس کے بجائے ملک، قوم اور معاشرے کو متعدد طریقوں سے ناقابل تلافی نقصان پہنچا رہا ہے۔ جسٹس مقبول باقر نے کہا تھا کہ حالانکہ لوٹ مار اور بدعنوانی سے لڑنا ایک نیک مقصد ہے لیکن اس کے لیے اختیار کیا جانے والا طریقہ، کارروائی اور میکانزم قانون کے دائرے میں ہونا چاہیے۔ فیصلے میں وضاحت کیا گیا کہ کسی شخص کی گرفتاری ایک بڑا معاملہ ہے لیکن گرفتاری کے لیے طاقت کے غلط استعمال سے سنگین نتائج مرتب ہوئے ہیں اس لیے اسے بہت احتیاط اور حساس طریقے سے انجام دینے کی ضرورت ہے۔


خبر کا کوڈ: 879179

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/879179/اپوزیشن-جماعتوں-کا-چیئرمین-نیب-سے-مستعفی-ہونے-مطالبہ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org