QR CodeQR Code

جشن آزادی سے روکنے کیلئے ہمارے 100 سے زائد کارکن گرفتار کرلئے گئے، خالد مقبول صدیقی

9 Aug 2020 23:05

کراچی میں رابطہ کمیٹی کے اراکین کے ساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے سربراہ ایم کیو ایم پاکستان نے کہا کہ تمام سازشوں اور تحفظات کے باوجود کارکنان کو منتخب قیادت کے ساتھ کارکنان کو تھانے بھیج رہے ہیں، وزیراعظم پاکستان سے ہم نے رابطہ کیا ہے اور انہوں نے اداروں سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔


اسلام ٹائمز۔ متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے سربراہ اور رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ یوم آزادی کے جشن سے روکنے کیلئے ہمارے سو سے زائد کارکنان کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ کراچی میں رابطہ کمیٹی کے اراکین کے ساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے خالد مقبول صدیقی کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم کے کارکنان جشن آزادی کی تیاریوں میں مصروف تھے کہ اچانک سندھ حکومت نے سیاسی کارکنوں کی فہرست اپڈیٹ کرنے کے نام پر کارکنان کو تھانے بلوانا شروع کردیا، ایم کیو ایم پاکستان کے کارکنان کے ساتھ خاتون کارکنان کو بھی تھانے طلب کیا جارہا ہے۔ خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ تمام سازشوں اور تحفظات کے باوجود کارکنان کو منتخب قیادت کے ساتھ کارکنان کو تھانے بھیج رہے ہیں، وزیراعظم پاکستان سے ہم نے رابطہ کیا ہے اور انہوں نے اداروں سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔

انہوں نے کہا کہ مڈل کلاس کی سیاست کرنے والی واحد ایم کیو ایم کے خلاف کب تک سازشیں کی جائیں گی؟ ایم کیو ایم پاکستان کی اکثریت نے پاکستان کی حرمت کی خاطر تمام چیزیں پیچھے چھوڑ دی، ایم کیو ایم کے کارکنان نے عید اور بارشوں کے موقع پر اہل کراچی کی دن رات خدمت کی ہے، پانچ اگست کو کشمیر کی عوام کے ساتھ ایم کیو ایم پاکستان نے بھرپور اظہار یکجہتی کیا ہے اور ایم کیو ایم بھرپور طریقے سے یوم آزادی کا جشن منائے گی۔ اس موقع پر میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ وزیراعلی سندھ کے سامنے تمام تفصیلات رکھ دی ہیں کہ عام کارکنان کو پریشان نہ کیا جائے، آپ میئر کراچی کو تھانے میں بٹھالیں پر کارکنان کو چھوڑ دیں، ہمیں جشن آزادی منانا ہے، کسی مہذب معاشرے میں ایسا نہیں ہوتا کہ معصوم عوام کے گھروں پر اچانک چھاپہ مارکر پریشان کیا جائے، چودہ اگست کے دن تھریٹ کے نام پر ہمارے کارکنان کو ہراساں کیا جارہا ہے۔


خبر کا کوڈ: 879272

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/879272/جشن-ا-زادی-سے-روکنے-کیلئے-ہمارے-100-زائد-کارکن-گرفتار-کرلئے-گئے-خالد-مقبول-صدیقی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org