0
Monday 10 Aug 2020 15:31
محرم الحرام کے حوالے سے اہل تشیع اہل سنت کا مشترکہ اجلاس

ڈی آئی خان کا امن خراب کرنے والوں کیساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائیگا، ڈی پی او

کسی بھی شکایت کی صورت میں مشتعل ہونے کے بجائے انتظامیہ رابطہ کریں، علی امین
ڈی آئی خان کا امن خراب کرنے والوں کیساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائیگا، ڈی پی او
اسلام ٹائمز۔ ڈیرہ اسماعیل خان میں محرم الحرام کے دوران امن و امان قائم رکھنے اور مختلف مکاتب فکر کے درمیان بھائی چارے کی فضاء کو فروغ دینے کے لیے تمام ممکن اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں، ان خیالات کا اظہار ضلعی پولیس سر براہ ڈیرہ اسماعیل خان کیپٹن (ر) واحد محمود نے سرکٹ ہاؤس میں گرینڈ جرگہ سے خطاب کے دوران کیا۔ اس موقع پر وفاقی وزیر علی امین خان گنڈہ پور، ڈپٹی کمشنر ڈیرہ عمیر خان، قاری خلیل احمد سراج، مولانا قاری محمد اعجاز، حافظ عبدالمجید گوگا خیل، خورشید احمد مدنی، راجا اختر علی، عبد الرشید دھپ، حلیم قصوریہ، محمد حنیف پیپا، سید فیاض حسین بخاری، بشیر حسین جڑیہ، سید تحسین علمدار، سید انصار علی زیدی، سید غضنفر علی نقوی، مخدوم مرید کاظم شاہ، کاظم حسین، سید محمد علی، سید علمدار شاہ، سردار اعزاز خان، سید عابد حسین شاہ، سید ثقلین شاہ، مفتی حسین احمد عرفان سمیت علمائے کرام اہلسنت و اہل تشیع نے شرکت کی۔ اس موقع پر ڈی پی او ڈیرہ نے کہا کہ آ ج اس گرینڈ جرگے کے انعقادکا مقصد ڈیرہ کا امن ہے، پاک فوج اور پولیس کی قربانیوں کی بدولت آ ج ہم امن کا سانس لے رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اس ضلع کے امن و امان کے لیے تمام مکاتب فکر، پاک فوج اور پولیس کے شانہ بشانہ رہیں اگر کوئی اس ضلع کے امن کی فضاء کو خراب کرنے کی کوشش کرے گا تو اس کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔ پرانے معاہدات پر من و عن عمل در آ مد کیا جائے گا اور کسی کو بھی قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی تاہم انہوں نے گرینڈ جرگہ کے اکابرین و علماء سے اپیل کی کہ وہ ماضی کی طرح بڑے پن اور کھلے دل سے اس ضلع کے امن و امان کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ آپس کا اتحاد جوکہ ہر مسلمان کا دینی فریضہ ہے، کی آج اشد ضرورت ہے کیونکہ سماج دشمن عناصر اس تاک میں بیٹھا ہوا ہے کہ کہیں انتشار کی چنگاری پھوٹے مگر ہم نے آپس میں اتحاد و اتفاق کو قائم کرکے ان کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملانا ہے۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر ڈیرہ عمیر خان نے کہا کہ آج کے اس گرینڈ جرگے کا مقصد ڈیرے کا امن ہے اگر ڈیرہ میں امن ہوگا تو ملک میں امن ہو گا۔ ہمارا کام لوگوں کے لیے آ سانیاں پیدا کرنا ہے، ہمارے دروازے آپ لوگوں کے لیے 24 گھنٹے کھلے ہیں اگر کوئی سوشل میڈیا پر کوئی ایسا مواد شیئر کرتا ہے جس سے خدا نخواستہ امن میں خلل آئے تو آپ نے صبر و بر داشت کا دامن ہاتھ سے نہیں چھوڑنا۔

ڈی پی او کا مزید کہنا تھا کہ اس ضلع کے امن کے لیے آپ تعاون کریں تاکہ اس بار بھی محرم الحرام امن و امان سے گزرے۔ اس موقع پر وفاقی وزیر علی امین خان گنڈہ پور نے کہا ہے کہ اس ضلع کے امن و امان کے لیے ہم سب کو مل کر کام کرنا ہوگا۔ اگر آپ لوگوں کو کوئی مسئلہ ہوتا ہے تو فوری ضلعی انتظامیہ کو آ گاہ کریں، صوبائی حکومت نے محرم الحرام کے انتظامات کی کمیوں کو پورا کیا ہے اور مزید بھی اس ضلع کی بہتری کے لیے کام کر رہے ہیں۔ آ خر میں گرینڈ جرگہ میں شریک تمام مکاتب فکر اور علمائے کرام نے کہا کہ ڈیرہ اسماعیل خان کے امن کے لیے ہم ضلعی انتظامیہ کے شانہ بشانہ کام کر کے محرم الحرام کو امن و امان سے گزاریں گے۔ مولانا قاری خلیل احمد سراج نے ملک کی سلامتی اور ضلع کے امن و امان کے لیے دعا کرائی۔ یاد رہے کہ اس گرینڈ جرگہ سے ایک دن قبل ہی ڈی آئی خان کے علاقے بستی جمن میں متولی امام بارگاہ سید مختیار حسین کو نامعلوم دہشتگردوں نے دن دیہاڑے شاہرائے عام پہ قتل کر دیا اور قاتل ارتکاب جرم کے بعد اطمینان کے ساتھ فرار ہو گئے۔ گرینڈ جرگہ کے شرکاء کو اس حوالے سے سوال کرنے کا موقع ہی نہیں دیا گیا۔ 
خبر کا کوڈ : 879409
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش