QR CodeQR Code

ادویات کی قیمتوں میں 400 فیصد اضافہ سراسر ظلم ہے، محمد حسین محنتی

10 Aug 2020 21:47

اپنے ایک بیان میں جماعت اسلامی سندھ کے امیر نے کہا کہ ادویہ ساز کمپنیوں کو غریب مریضوں کی زندگیوں سے کھیلنے کی کھلی چھوٹ دے دی گئی ہے، عوام کا کوئی پرسان حال نہیں ہے۔


اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی سندھ کے امیر محمد حسین محنتی نے ادویات کی قیمتوں میں 400 فیصد اضافہ پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے زور دیا ہے کہ حکومت ظلم و ناانصافی اور مہنگائی کے مارے عوام کی حالت زار پر رحم کرتے ہوئے ادویات کی قیمتوں میں اضافہ کو روکے۔ اپنے ایک بیان میں محمد حسین محنتی نے کہا کہ تبدیلی سرکار کے دورِ حکومت میں ادویات کی قیمتوں میں اضافہ کا 40 سالہ ریکارڈ توڑ دیا گیا ہے، 2018ء میں دوبار اور 2019ء میں تین بار قیمتیں بڑھا کر لوگوں سے علاج معالجہ کی سہولت بھی چھین لی ہے، سرکاری اسپتالوں میں ویسے ہی غریب عوام کیلئے دروازے بند کر دیئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مہنگائی و بیروزگاری اور لاک ڈاؤن نے پہلے ہی عوام کی زندگی اجیرن بناکر رکھ دی ہے، اب ادویات کی قیمتوں میں 400 فیصد اضافہ سے غریب مریض رل گئے ہیں۔

محمد حسین محنتی نے کہا کہ ادویہ ساز کمپنیوں کو غریب مریضوں کی زندگیوں سے کھیلنے کی کھلی چھوٹ دے دی گئی ہے، عوام کا کوئی پرسان حال نہیں ہے۔ صوبائی امیر نے کہا کہ ادویات کی قیمتوں میں 400 فیصد اضافہ غریب عوام کے ساتھ ظلم ہے، جان بچانے والی ادویات کی ذخیرہ اندوزی اور قیمتوں میں بے تحاشہ اضافہ کرنے والی ادویہ ساز کمپنیاں االلہ کے عذاب سے ڈریں۔ انہوں نے کہا کہ کورونا و مہنگائی کی آڑ میں غریب مریضوں کو علاج و معالجہ کی سہولیات سے محروم کرنے کا نوٹس اور حکومت مہنگائی کے خاتمے سمیت عام آدمی کا معیار زندگی بہتر بنانے کیلئے قوم سے کئے وعدوں پر عمل کرے۔


خبر کا کوڈ: 879484

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/879484/ادویات-کی-قیمتوں-میں-400-فیصد-اضافہ-سراسر-ظلم-ہے-محمد-حسین-محنتی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org