0
Tuesday 11 Aug 2020 07:05

متاثرہ علاقوں کا سروے کرکے امدادی پیکیج دیا جائے گا، جام کمال

متاثرہ علاقوں کا سروے کرکے امدادی پیکیج دیا جائے گا، جام کمال
اسلام ٹائمز۔ وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے کہا ہے کہ صوبے میں حالیہ بارشوں سے 3 اضلاع زیادہ متاثر ہوئے ہیں، سیلابی پانی کے ختم ہونے کے بعد ان بارشوں سے متاثرہ علاقوں کا سروے کر کے امدادی پیکیج دیا جائے گا، برساتی پانی کو محفوظ کرنے کیلئے 5 سے 6 نئے ڈیمز پر کام شروع کر رہے ہیں۔ یہ بات انہوں نے بلوچستان میں حالیہ بارشوں سے متاثرہ اضلاع ہرنائی، سبی اور جھل مگسی کے فضائی دورے کے بعد میڈیا سے گفتگو میں کیا۔ وزیراعلیٰ بلوچستان کا کہنا تھا کہ مون سون کی بارشوں سے بلوچستان کے مشرقی علاقے متاثر ہوئے ہیں، تاہم بولان ،سبی اور جھل مگسی زیادہ متاثر ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں نے اپنے دورے میں تمام علاقوں کی انتظامیہ کو متحرک دیکھا ہے، سیلابی ریلوں سے ہلاکتیں ضرور ہوئی ہیں مگر ﷲ کا شکر ہے کہ زیادہ جانی نقصان نہیں ہوا۔ جام کمال خان کا کہنا تھا کہ صوبے میں تقریباً تمام علاقوں میں بارشوں سے تباہ ہونے والی سڑکوں کو بحال کر دیا ہے، امدادی اشیا کی فراہمی کیلئے فضائی آپریشن شروع کر رہے ہیں۔ وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ 12,13اگست کو بارشوں کا ایک اور اسپیل متوقع ہے جس کیلئے انتظامیہ کو ہر طرح تیار رہنے کی ہدایت کر دی ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے مزید کہا کہ بارشوں کا پانی محفوظ کرنے کیلئے متعدد نئے ڈیمز بنانے جا رہے ہیں جس سے ان علاقوں میں زراعت کو بہت فائدہ ہو گا۔ واضح رہے کہ صوبے میں بارشوں اور سیلاب کے باعث مختلف واقعات میں اب تک 9 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 879534
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش