0
Tuesday 11 Aug 2020 09:48

وفاق المدارس العربیہ کا تحفظ بنیاد اسلام بل میں ترامیم کرکے نافذ کرنے کا مطالبہ

وفاق المدارس العربیہ کا تحفظ بنیاد اسلام بل میں ترامیم کرکے نافذ کرنے کا مطالبہ
اسلام ٹائمز۔ وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے زیر اہتمام جامعہ اشرفیہ لاہور میں مرکزی سیکرٹری جنرل مولانا قاری حنیف جالندھری کی زیر صدارت اجلاس ہوا، جس میں دینی و مذہبی جماعتوں کے راہنماؤں اور دینی مدارس کے مہتمم و ذمہ داران نے شرکت کی۔ اجلاس میں ملک کی موجودہ صورتحال اور دیگر امور پر تفصیلی غور و خوض کرتے ہوئے علماء کرام نے مختلف تجاویز پیش کیں، جس کی روشنی میں فیصلہ کیا گیا کہ دینی مدارس اسلام کے قلعے، ہدایت کے سرچشمے اور دین کی بقاء و اشاعت کا بہت بڑا ذریعہ اور سب سے بڑی این جی اوز ہیں، جو لاکھوں طلبہ کو مفت تعلیم، رہائش اور علاج و معالجہ مہیا کر رہے ہیں، ان دینی مدارس کے نظام و نصاب کو حسبِ سابق جاری رکھا جائے گا۔
 
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ حسبِ سابق 14 اگست یوم آزادی کو بھی بھرپور طور پر منایا جائے گا اور کلمہ کے نام پر حاصل کئے گئے ملک میں کلمہ کے نظام کو نافذ کرنے کیلئے پرامن جدوجہد جاری رکھی جائے گی اور 7 ستمبر کو یوم تحفظ ختم نبوت کے طور پر بھی ملک بھر میں منایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ملک نازک صورتحال سے گذر رہا ہے، ملک فرقہ واریت اور بدامنی کا متحمل نہیں ہوسکتا، اس لئے فرقہ واریت کے خاتمہ اور قیام امن کیلئے ہر ممکن کوششں جاری رہے گی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ صحابہ کرامؓ و اہل بیت عظامؑ بالخصوص خلفائے راشدینؓ، ازواج مطہراتؓ، بنات الرسولؐ کی عزت و حرمت اور ان کی ناموس کا دفاع ہر صورت کیا جائے گا، یہ ہمارے ایمان کا حصہ ہیں۔

اجلاس میں مطالبہ کیا گیا کہ پنجاب اسمبلی سے منظور شدہ تحفظ بنیاد اسلام بل  کو اہل سنت علماء کرام کے تحفظات اور دیگر رکاوٹوں کو دور کرتے ہوئے اس کو فوری  نافذ العمل بنایا جائے۔ اجلاس میں مسجد وزیر خان میں مبینہ طور پر رقص اور فلم کی شوٹنگ پر بھی شدید غم و غصہ کا اظہار کرتے ہوئے ذمہ داران کیخلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا گیا۔ اجلاس میں جمعیت علماء اسلام پاکستان (س) کے مرکزی سیکرٹری جنرل مولانا عبدالرؤف فاروقی، جے یو آئی کے مرکزی راہنماء مولانا محمد امجد خان، مجلس احرار اسلام پاکستان کے مرکزی راہنماء مولانا سید کفیل شاہ بخاری، عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت کے راہنماء مولانا علیم الدین شاکر، انٹرنیشنل ختم نبوت موؤمنٹ کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل مولانا قاری محمد رفیق وجھوی، جامعہ اشرفیہ لاہور کے ناظم حافظ اسعد عبید، مفتی شاہد عبید نے شرکت کی۔
 
دیگر شرکاء میں مولانا ڈاکٹر حافظ زاہد علی ملک، مولانا مجیب الرحمن انقلابی، جامعۃ الخیر لاہور کے مہتمم مولانا قاری احمد حنیف جالندھری، دارالعلوم الاسلامیہ لاہور کے مہتمم حضرت مولانا قاری احمد میاں تھانوی، ڈاکٹر خلیل احمد تھانوی، جامعہ منظور الاسلامیہ لاہور کے مہتمم پیر اسداللہ فاروق نقشبندی، جامعہ مدنیہ لاہور کے شیخ الحدیث مولانا نعیم الدین، جامعہ فتحیہ لاہور کے ناظم تعلیمات مولانا عبداللہ مدنی، جامعہ احسان القرآن و العلوم النبویہ لاہور کے مہتمم مولانا مفتی انیس احمد مظاہری، جامعۃ الازہر لاہور کے مولانا قاری نعیم اللہ حیدر، دارالتقویٰ لاہور کے مولانا محمد احسان، مہد الحسن لاہور کے مولانا عثمان آفاق، جامعہ عبداللہ ابن عمرؐ گجومتہ لاہور کے مولانا مفتی محمد نوید خان اور دیگر علماء شامل تھے۔
خبر کا کوڈ : 879551
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش