QR CodeQR Code

پشاور بی آر ٹی منصوبہ مکمل، وزیراعظم 2 دن بعد افتتاح کریں گے

11 Aug 2020 15:46

وزیراعظم نے جون 2020ء میں پشاور بس ریپڈ منصوبے کا افتتاح کرنا تھا لیکن کورونا وائرس کے سبب تاخیر کی گئی، اب 13 اگست کو بی آر ٹی پشاور کا باضابطہ طور پر افتتاح کر دیا جائے گا۔


اسلام ٹائمز۔ پشاور بس ریپڈ ٹرانزٹ (بی آر ٹی)  کے افتتاح کی نئی تاریخ سامنے آگئی اور اب وزیراعظم عمران خان 13 اگست کو منصوبے کا افتتاح کریں گے۔ ذرائع کے مطابق بی آر ٹی پشاور کی افتتاحی تقریب میں وزیراعظم کے ہمراہ وزیراعلٰی خیبر پختونخوا محمود خان بھی ہوں گے۔ یہ منصوبہ تحریک انصاف کے گذشتہ دورِ حکومت میں سابق وزیراعلٰی پرویز خٹک نے شروع کیا تھا جو کئی تاریخوں کے باوجود مکمل نہیں ہوسکا۔ اکتوبر 2017ء میں شروع ہونے والے اس منصوبے کو خیبر پختونخوا حکومت نے 6 ماہ کے اندر مکمل کرنے کا دعویٰ کیا تھا، جبکہ منصوبے پر لاگت کا تخمینہ 49 ارب روپے لگایا گیا جو 71 ارب روپے سے بھی تجاوز کرچکا ہے۔ 5 دسمبر 2019ء کو پشاور ہائی کورٹ نے بی آرٹی منصوبے سے متعلق اپنے تفصیلی فیصلے میں کہا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے کسی وژن اور منصوبہ بندی کے بغیر یہ منصوبہ شروع کیا، تاہم بی آرٹی منصوبے کا افتتاح کرنے کیلئے نو بار تاریخ دی گئی لیکن اس کا افتتاح نہیں ہوسکا تھا۔ وزیراعظم نے جون 2020ء میں پشاور بس ریپڈ منصوبے کا افتتاح کرنا تھا لیکن کورونا وائرس کے سبب تاخیر کی گئی۔ اب 13 اگست کو بی آر ٹی پشاور کا باضابطہ طور پر افتتاح کر دیا جائے گا۔


خبر کا کوڈ: 879642

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/879642/پشاور-بی-ا-ر-ٹی-منصوبہ-مکمل-وزیراعظم-2-دن-بعد-افتتاح-کریں-گے

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org