0
Tuesday 11 Aug 2020 17:48

مریم نواز نے نیب پر حملہ کرکے اپنا سیاسی جنازہ نکال دیا، فیاض الحسن چوہان

مریم نواز نے نیب پر حملہ کرکے اپنا سیاسی جنازہ نکال دیا، فیاض الحسن چوہان
اسلام ٹائمز۔ وزیراطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے انکشاف کیا ہے کہ گزشتہ رات لیگی قیادت نے کارکنان کو اشتعال انگیزی کے لئے 10 لاکھ روپے تقسیم کئے۔ وزیرقانون پنجاب راجہ بشارت کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے صوبائی وزیراطلاعات فیاض الحسن چوہان کا کہنا تھا کہ مریم نواز نے اپنے والد کی اداروں پر حملے کی روایت برقرار رکھی، اپنے ماتھے پر کلنک کا ٹیکہ سجایا، انہوں نے شہباز شریف اور نون لیگ کی سیاست پر خودکش حملہ کیا اور اپنا سیاسی جنازہ نکال دیا۔ وزیراطلاعات کا کہنا تھا کہ گزشتہ رات جاتی امرا میں (ن) لیگی قیادت نے 10 لاکھ روپے تقسیم کیے گئے، پتھر مارنے والے فی کارکن کو 25 ہزار روپے، جبکہ مریم نواز کی گاڑی پر پتھر مارنے والے کارکن کو ایک لاکھ روپے دیے گئے۔

فیاض الحسن نے کہا کہ نیب چھاپے کے دوران شہباز شریف کے گرفتار نہ ہونے کا سب سے زیادہ افسوس مریم نواز کو ہوا تھا، یہ چاہتی ہیں جس طرح میری اور نواز شریف کی سیاست ختم ہوگئی، اس طرح شہباز اور حمزہ شریف کی سیاست بھی ختم ہو جائے۔ وزیر قانون پنجاب راجہ بشارت کا کہنا تھا کہ مریم نواز کی گاڑی پر وہی پتھر لگے جو وہ ساتھ لائی تھیں، آج کے واقعے میں لیگی کارکنان نے سپریم کورٹ پر حملے کی یاد تازہ کردی، لیکن (ن) لیگ کی غلط فہمی ہے کہ وہ اداروں کو دباؤ میں لے آئیں گے، اور یہ خام خیالی ہے کہ وہ کرپشن پر پردہ ڈال لیں گی۔
 
وزیرقانون نے کہا کہ مریم نواز نے عدالتی رعایت کا غلط استعمال کیا، وہ اگر چند کارکنوں کو ساتھ لے جاتیں تو یہ صورتحال پیدا نہ ہوتی، مریم کی سیکیورٹی پر مامور گاڑیوں میں پتھروں کے تھیلے بھر کر رکھے گئے اور کارکنوں میں تقسیم کیے گئے، پھر نیب اور پولیس پر استعمال کیے گئے، کچھ گاڑیاں جعلی نمبر پلیٹس والی تھیں۔ راجہ بشارت کا کہنا تھا کہ قانون ضمانت پر رہا شخص کو اداروں پر چڑھائی کی اجازت نہیں دیتا، آج کا واقعہ رویہ شرمناک ہے جس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے، واقعے میں ملوث افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی ہوگی۔
خبر کا کوڈ : 879661
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش