QR CodeQR Code

نیب لاہور آفس کے باہر ہنگامہ آرائی، منظم منصوبہ بندی سے تصادم کروانے کا انکشاف

11 Aug 2020 20:10

ذرائع نے ’’اسلام ٹائمز‘‘ کو بتایا کہ اس سارے تصادم کے ماسٹر مائنڈ رانا ثناء اللہ تھے جبکہ رکن پنجاب اسمبلی مرزا جاوید نے کارکنوں کو پتھر فراہم کئے۔ ذرائع کے مطابق جاتی امراء سے روانگی کے وقت مرزا جاوید نے اپنی گاڑی میں پتھروں سے بھری بوریاں رکھیں اور ٹھوکر نیاز بیگ نیب آفس کے باہر پہنچنے پر کارکنوں میں وہ پتھر تقسیم کر دیئے گئے جو انہوں نے پولیس اہلکاروں پر برسائے۔


اسلام ٹائمز۔ نیب لاہور میں آج مسلم لیگ ن کی رہنما مریم نواز کی پیشی کے موقع پر ہونیوالے تصادم کے حوالے سے انتہائی باوثوق ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ مسلم لیگ (ن) نے منظم منصوبہ بندی کے تحت حالات خراب کئے ہیں تاکہ  مریم نواز نیب کے سامنے پیش نہ ہو سکیں۔ اس حوالے سے ذرائع نے ’’اسلام ٹائمز‘‘ کو بتایا کہ اس سارے تصادم کے ماسٹر مائنڈ رانا ثناء اللہ تھے جبکہ رکن پنجاب اسمبلی مرزا جاوید نے کارکنوں کو پتھر فراہم کئے۔ ذرائع کے مطابق جاتی امراء سے روانگی کے وقت مرزا جاوید نے اپنی گاڑی میں پتھروں سے بھری بوریاں رکھیں اور ٹھوکر نیاز بیگ نیب آفس کے باہر پہنچنے پر کارکنوں میں وہ پتھر تقسیم کر دیئے گئے جو انہوں نے پولیس اہلکاروں پر برسائے۔ ذرائع کے مطابق پولیس اہلکاروں نے مرزا جاوید سے پوچھا کہ ان بوریوں میں کیا ہے تو مرزا جاوید نے کہا کہ ان میں صدقے کا گوشت ہے۔

اس حوالے سے مسلم لیگ (ن) کے دیرینہ کارکن ایوب بھٹہ نے بھی میڈیا کے سامنے اعتراف کیا کہ مرزا جاوید اپنی گاڑی میں پتھر بھر کر لے گئے تھے۔ ایوب بھٹہ کے مطابق مرزا جاوید نے انہیں بھی اپنی گاڑی میں سوار ہونے کی پیشکش کی جسے ایوب بھٹہ نے مسترد کر دیا۔ ذرائع کے  مطابق مسلم لیگ (ن) نیب آفس کے باہر سانحہ ماڈل ٹاون جیسا تصادم چاہتی تھی تاہم آج اس میں کامیاب نہیں ہو سکتی تاہم خدشات ظاہر کئے جا رہے ہیں کہ آئندہ چند روز میں دوبارہ ایسی صورتحال دوہرائی جا سکتی ہے۔ یاد رہے کہ مریم نواز نے پاناما لیکس میں نام آنے پر سینئر صحافی جاوید چودھری کے پروگرام میں کہا تھا کہ لندن تو کیا ان کی تو پاکستان میں بھی کوئی جائیداد نہیں، مگر آج وہ نیب آفس میں پیشی کے موقع پر جاتی امراء میں اپنی جائیداد کے کاغذات لے کر پہنچیں مگر کارکنوں اور پولیس میں تصادم کے باعث نیب میں پیش نہ ہو سکیں۔

دوسری جانب مریم نواز کی نیب پیشی کے موقع پر ہنگامہ آرائی کرنیوالے 55 سے زائد لیگی کارکنوں کو گرفتار کر لیا گیا ہے اور ان کیخلاف مقدمہ درج کرنے کا فیصلہ بھی کر لیا گیا ہے۔ پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ لیگی کارکنوں کیخلاف درخواست موصول ہو گئی ہے جنہوں نے مریم نواز شریف کی پیشی کے دوران پولیس اہلکارں پر پتھراﺅ کیا تھا۔ پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ گرفتار لیگی کارکنوں کیخلاف مقدمے میں کار سرکار میں مداخلت، سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے کی دفعات شامل کی جائیں گی جبکہ مار پیٹ سمیت دیگر دفعات بھی شامل ہوں گی۔ دوسری جانب نیب دفتر پر پتھراﺅ کے معاملے پر بھی 2 درخواستیں پولیس کو موصول ہو گئی ہیں جس پر تھانہ چوہنگ میں مقدمات درج کئے جا رہے ہیں اور ذرائع کا کہنا ہے کہ ان مقدمات میں مریم نواز سمیت اہم سیاسی شخصیات کو نامزد کیا جائے گا جبکہ مریم نواز کے قافلے کیساتھ آنے والے گاڑیوں کا ڈیٹا بھی  محکمہ ایکسائز سے طلب کر لیا گیا ہے۔ ان گاڑیوں کے مالکان کیخلاف بھی ایکشن لئے جانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔


خبر کا کوڈ: 879670

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/879670/نیب-لاہور-ا-فس-کے-باہر-ہنگامہ-ا-رائی-منظم-منصوبہ-بندی-سے-تصادم-کروانے-کا-انکشاف

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org