0
Tuesday 11 Aug 2020 21:26

ڈی آئی خان، محرم الحرام کیلئے سکیورٹی پلان جاری

ڈی آئی خان، محرم الحرام کیلئے سکیورٹی پلان جاری
اسلام ٹائمز۔ ڈیرہ اسماعیل خان میں محرم الحرام کے سکیورٹی پلان پر عملدرآمد شروع کر دیا گیا ہے۔ ضلع بھر کے داخلی و خارجی راستوں پر اضافی چیک پوسٹیں اور مشترکہ چوکیاں قائم کر دی گئی ہیں جن میں پولیس کی بھاری نفری تعینات کر دی گئی ہے۔ مشکوک اور شرپسند عناصر کی کڑی نگرانی کیلئے سول و حساس ادارے مل کر کام کر رہے ہیں، جبکہ نگرانی کے عمل کو مزید مؤثر بنانے کیلئے مربوط انٹیلی جنس نیٹ ورک کو وسعت دیکر متحرک کردیا گیا ہے اور شہر بھر میں سی سی ٹی وی کیمروں کا جال بچھا دیا گیا ہے۔ ضلع بھر کے حساس مقامات کی بم ڈسپوزل سکواڈ اور کھوجی کتوں کے ذریعے سویپنگ کا مسلسل عمل جاری ہے اور امن وامان کی صورتحال یقینی بنانے کیلئے تمام ضرری اقدامات اُٹھائے جا رہے ہیں۔ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ڈیرہ اسماعیل خان کیپٹن (ر) واحد محمود محرم الحرام کے دوران استحکام امن یقینی بنانے کیلئے اٹھائے گئے تمام تر سکیورٹی اقدامات کی خود نگرانی کر رہے ہیں اور سکیورٹی کے لحاظ سے ضلع کو 4 زون میں تقسیم کر کے 10 سیکٹرز تشکیل دیئے گئے ہیں۔

محرم الحرام کی سکیورٹی فارمیشنز میں 3 ایس پیز، 13 ڈی ایس پیز، 13 انسپکٹر، 90 سب انسپکٹرز، 160 اسسٹنٹ سب انسپکٹرز، 712 ہیڈ کانسٹیبل اور 5879 کانسٹیبل سمیت کل 6871 سے زائد پولیس جوان و افسران کی خدمات حاصل کرلی گئی ہیں، جبکہ ایلیٹ فورس کے خصوصی کمانڈوز دستے بھی حفاظتی امور پر مامور کر دیئے گئے ہیں۔ عشرہ محرم میں امن برقرار رکھنے کیلئے شہر میں دفعہ 144 نافذ کر دیا جائے گا، جس کے تحت اسلحہ کی نمائش، موٹر سائیکل پر ڈبل سواری، متنازعہ وال چاکنگ، لاؤڈ اسپیکر کے بے جا استعمال، شر انگیز تقاریر، منافرت پھیلانے والے اشتعال انگیز مواد کی نشرو اشاعت و تقسیم، پٹرولیم مصنوعات کی کھلے عام فروخت، پانچ سے زائد افراد کے اجتماع اور دیگر عوامل پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔ کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے بچنے، عوام کی جان ومال کی حفاظت یقینی بنانے اور جرائم پیشہ و شرپسند عناصر سے نہایت ہی سختی سے نمٹنے کیلئے ضلع بھر میں نتیجہ خیز سرچ اینڈ سٹرائیک آپریشنز میں مزید تیزی لائی گئی ہے۔

شہر میں نویں اور دسویں محرم الحرام کے ماتمی جلوسوں کے انعقاد کے موقع پر موبائل فون سروس بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، تاہم مفاد عامہ کی خاطر موبائل فون سروس صرف جلوسوں کے اوقات میں بند رکھنے کی سفارش کی گئی ہے۔ عشرہ محرم الحرام کے پرامن انعقاد کیلئے تمام تر حفاظتی انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں اور سکیورٹی اقدامات کے سلسلے میں پولیس کو پاک فوج کی معاونت بھی حاصل ہوگی جوکہ سٹینڈ بائی رہے گی اور ضرورت پڑنے پر فوج کی خدمات بھی حاصل کی جائے گی۔ محرم الحرام کے پرامن انعقاد کے حوالے سے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ڈیرہ اسماعیل خان کیپٹن (ر) واحد محمود نے امید ظاہر کی ہے کہ محرم الحرام میں تمام مکاتب فکر کے علمائے کرام و عمائدین اپنے حصے کا اہم کردار ادا کریں گے۔ انہوں نے عوام پر بھی زور دیا ہے کہ وہ محرم الحرام کے دنوں میں امن وامان اور فرقہ ورانہ ہم آہنگی کو برقرار رکھنے میں حکومتی کوششوں کا ساتھ دیں اور فرقہ ورانہ تعصبات کو ہوا دینے والے عناصر کی مذموم سرگرمیوں کو ناکام بناتے ہوئے ایک ذمہ دار اور قانون پسند شہری ہونے کا ثبوت دیں۔
خبر کا کوڈ : 879694
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش