جوبائیڈن کا حدیث نبویؐ سناتے ہوئے مسلمانوں کو ہر شعبے میں نمائندگی دینے کا وعدہ
11 Aug 2020 22:41
ورچوئل فنڈ ریزنگ کے شرکاء سے گفتگو میں جوبائیڈن نے برائی کو روکنے سے متعلق رسول اکرم ﷺکی حدیث برائی کو ہاتھ سے روکو، ورنہ اپنی زبان سے روکو اور جو یہ بھی نہ کر سکتا ہو وہ اسے دل میں برا کہے، بھی سنائی اور اسلام سے متعلق گہری معلومات کا اظہار کیا۔
اسلام ٹائمز۔ ڈونلڈ ٹرمپ کے حریف ڈیموکریٹک صدارتی امیدوار جو بائیڈن نے کشمیر میں بھارتی پالیسی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے پابندیاں ختم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ گذشتہ دنوں مسلم فار بائیڈن پلیٹ فارم کے تحت منعقدہ ورچوئل فنڈ ریزنگ کے شرکاء سے گفتگو میں جو بائیڈن نے کشمیر میں بھارتی اقدامات کو جمہوری اقدار کے منافی قرار دیا۔ جو بائیڈن نے بھارتی حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ کشمیر میں غیرقانونی اور غیر جمہوری پابندیاں ختم کرے اور وہ تمام اقدامات کرے جن سے بنیادی انسانی حقوق بحال ہوں، پرامن احتجاج سے روکنا اور انٹرنیٹ کی بندش جیسی پابندیاں جمہوریت کو کمزور کرتے ہیں۔ امریکا میں مسلمانوں کے خلاف نفرت اور نسلی امتیاز کا اعتراف کرتے ہوئے بائیڈن نے یقین دلایا کہ ان کی انتظامیہ میں مسلمانوں کو ہر شعبے میں نمائندگی ملے گی۔
خبر کا کوڈ: 879716