QR CodeQR Code

سخت لاک ڈاؤن کی بات کرنے والے نظر نہیں آرہے ہیں، شبلی فراز

11 Aug 2020 22:48

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ اسٹاک ایکسچینج میں معاشی سرگرمی تیزی سے بڑھی ہے، دنیا میں تیزی سے آگے بڑھنے والی دوسری مارکیٹ ہے جو معیشت کی بہتری کی علامت ہوتی ہے اور ہم اس سے مطمئن ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ وفاقی وزیراطلاعات و نشریات شبلی فراز نے کہا ہے کہ وزیراعظم کی اخراجات میں کمی کی پالیسی اور حکومتی اخراجات کم ہونے سے مالی خسارہ ایک فیصد کم ہوا ہے۔ وفاقی وزیراطلاعات شبلی فراز نے وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ میں کہا کہ چند دنوں میں ہماری حکومت کے دوسال مکمل ہوجائیں گے اسی کے پیش نظر وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر وزیرخزانہ عبدالحفیظ شیخ نے معاشی صورت حال پر آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ معیشت خاص طور پر کورونا ایسی وبا تھی جس سے بہتر طور پر نمٹا اور وزیراعظم دباؤ کے باوجود ڈٹے رہے، ایک آدھ صوبے سے مخالفت کے باوجود ہم اپنے فیصلے میں ثابت قدم رہے کیونکہ کورونا کا نقصان کم کرنا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ خاص طور پر اپوزیشن کی جانب سے سخت لاک ڈاؤن کا مطالبہ کیا گیا تھا لیکن ابھی وہ نظر نہیں آرہے ہیں کیونکہ یہ اشرافیہ تھی اور خود کو محفوظ سمجھتی تھی، انہیں عوام سے کوئی سروکار نہیں تھا اور روزانہ اجرت پر کام کرنے والوں کی پرواہ نہیں تھی، کورونا کے بعد معاشی سرگرمیوں سے متعلق انہوں نے کہا کہ سیمنٹ اور پیٹرول کے استعمال میں اضافہ ہوا ہے، کھاد 567 ٹن خریدی گئی اور ٹیکس ریونیو بڑھ گیا ہے اور 300 ارب کا اضافہ سرمایہ جمع کیا جو ہمارے ہدف سے 23 فیصد زیادہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسٹاک ایکسچینج میں معاشی سرگرمی تیزی سے بڑھی ہے، دنیا میں تیزی سے آگے بڑھنے والی دوسری مارکیٹ ہے جو معیشت کی بہتری کی علامت ہوتی ہے اور ہم اس سے مطمئن ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ مشکلات کے بعد ہماری معیشت آگے بڑھنے لگی ہے، کاروبار اور تعمیراتی شعبے میں سرگرمیاں بھی بڑھیں گی، ہمارا مشکل وقت گزر گیا ہے اور اچھا وقت آئے گا۔
 


خبر کا کوڈ: 879720

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/879720/سخت-لاک-ڈاؤن-کی-بات-کرنے-والے-نظر-نہیں-آرہے-ہیں-شبلی-فراز

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org