QR CodeQR Code

پنجاب حکومت نے تعلیمی اداروں کیلئے ایس او پیز جاری کر دیئے

12 Aug 2020 09:04

ایس او پیز کے مطابق بچوں کو احتیاطی تدابیر سے متعلق آگاہ کریں، بالخصوص کسی بھی چیز کی سطح کو پکڑنے یا چھونے سے پرہیز کریں۔ سکول میں بچوں کو بار بار ہاتھ صابن سے اچھی طرح 40 سیکنڈ تک دھونے کی تلقین کریں۔ سکول میں بچوں کو آگاہ کیا جائے کہ وہ گھر پہنچنے پر دیگر اہلِخانہ سے میل جول کرنے سے قبل نہائیں۔


اسلام ٹائمز۔ حکومت پنجاب نے تعلیمی سرگرمیاں بحال کرنے کے حوالے سے ایس او پیز جاری کر دیئے۔ سیکرٹری پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر پنجاب کے مطابق کورونا وائرس متاثرہ شخص کے کھانسنے، چھینکنے یا بولنے کے دوران خارج ہونیوالے ننھے ذرات سے پھیل سکتا ہے۔ تعلیمی اداروں میں چیزوں کا مشترکہ استعمال اور سماجی فاصلے کو برقرار نہ رکھنا کورونا وائرس کی وجہ بن سکتا ہے۔ کورونا وائرس کسی بھی عمر کے فرد پر حملہ آور ہو سکتا ہے بچوں اور اساتذہ کے تحفظ کیلئے خاص احتیاط کرنا ہو گی۔ سیکرٹری پرائمری ہیلتھ کیپٹن ریٹائرڈ محمد عثمان نے سکول انتظامیہ سے گزارش کی ہے کہ وہ بلا امتیاز ایسے اسٹاف اور بچوں کو الگ کریں جو کورونا وائرس کا شکار رہ چکے ہوں۔
 
انہوں نے کہا کہ بچوں کو احتیاطی تدابیر سے متعلق آگاہ کریں، بالخصوص کسی بھی چیز کی سطح کو پکڑنے یا چھونے سے پرہیز کریں۔ سکول میں بچوں کو بار بار ہاتھ صابن سے اچھی طرح 40 سیکنڈ تک دھونے کی تلقین کریں۔ سکول میں بچوں کو آگاہ کیا جائے کہ وہ گھر پہنچنے پر دیگر اہلِخانہ سے میل جول کرنے سے قبل نہائیں۔ بغیر ہاتھ دھوئے آنکھوں، ناک اور منہ کو چھونے سے مکمل پرہیز کریں۔ تمام تعلیمی اداروں میں بچوں اور سٹاف کے لیے ہینڈ سینیٹائزر اور ماسک لازمی رکھا جائے۔ کھانسی یا سانس کے مسائل سے دوچار اسٹاف اور بچوں کو مکمل طور پر صحتیاب ہو جانے تک گھر رہنے کی تلقین کریں۔
 
ایس او پیز میں کہا گیا ہے ک دوران ِ لیکچر ماسک پہننا لازمی ہے، ماسک کے درست استعمال کے حوالے سے اساتذہ بچوں کو آگاہ کریں۔ کھانستے یا چھینکتے وقت بچوں کو منہ ٹشو پیپر، رومال یا کہنی سے ڈھانپنے کی تلقین کریں۔ ماسک کو بار بار ہاتھ لگانے سے گریز کریں اور گیلا ہونے کی صورت میں کوڑا دان میں ضائع کر دیں۔ 6 فٹ کے سماجی فاصلے کو قائم رکھنے کیلئے سکول کی حدود میں نشانات لگائیں۔ وباء ختم ہو جانے تک تمام سکولوں میں صبح اسمبلی سے مکمل طور پر گریز کیا جائے۔

کلاس رومز، لائبریری، سٹاف روم، لیبارٹری اور دیگر کمروں میں سماجی فاصلے کو مدنظر رکھتے ہوئے طلباء اورسٹاف کے بیٹھنے کا انتظام کریں۔ داخلی اور خارجی پوائنٹس پر سماجی فاصلے کو برقرار رکھنے کیلئے اضافی طور پر مانیٹرز کو نگرانی کی ڈیوٹی دیں۔ چھٹی کے وقت ہجوم کو کنٹرول کرنے کیلئے ایک سے زائد داخلی اور خارجی راستوں کا استعمال کیا جائے۔


خبر کا کوڈ: 879758

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/879758/پنجاب-حکومت-نے-تعلیمی-اداروں-کیلئے-ایس-او-پیز-جاری-کر-دیئے

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org