0
Wednesday 12 Aug 2020 09:03

بھارتی ریاستی دہشت گردی کے باوجود کشمیر کا مشن جاری رہے گا

بھارتی ریاستی دہشت گردی کے باوجود کشمیر کا مشن جاری رہے گا
اسلام ٹائمز۔ چیئرمین کشمیر کونسل ای یو علی رضا سید نے کہا ہے کہ بھارتی ریاستی دہشت گردی کے باوجود شہدائے کشمیر کا مشن جاری رہے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے حریت کانفرنس کے رہنما شہید شیخ عبدالعزیز کی بارہویں برسی کے موقع پر اپنے ایک بیان میں کیا. انہوں نے شہید شیخ عبدالعزیز کو زبردست الفاظ میں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہید شیخ عبدالعزیز نے ساری زندگی تحریک آزادی کشمیر کے لیے وقف کر دی تھی اور اسی مشن کو جاری رکھتے ہوئے انہوں نے اپنی جان بھی دے دی۔ یاد رہے کہ شیخ عبدالعزیز گیارہ اگست 2008ء کو مقبوضہ کشمیر میں سری نگر سے لائن آف کنٹرول کی طرف ایک پرامن احتجاجی مظاہرے کی قیادت کرتے ہوئے بھارتی فوج کی گولیوں کا نشانہ بنے اور جام شہادت نوش کیا۔

چیئرمین کشمیر کونسل ای یو علی رضا سید نے کہا کہ ہم کشمیری شہداء کی قربانیاں رائیگاں نہیں جانے دیں گے، ان کا عظیم مشن جاری رہے گا۔شیخ عبدالعزیز ایک پرعزم اور حوصلہ مند کشمیری رہنماء تھے جنہوں نے جان کی قربانی دے کر تحریک آزادی کو ایک نئی سمت پر گامزن کیا اور حریت پسندوں کو ایک نیا حوصلہ اور ولولہ دیا۔ علی رضا سید نے مقبوضہ کشمیر کی موجودہ صورتحال پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ گذشتہ ایک سال سے مقبوضہ کشمیر میں ملٹری لاک ڈاؤن نافذ ہے اور کشمیری عوام بنیادی شہری اور انسانی حقوق سے محروم ہیں۔ بھارتی حکومت نے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کی اور اسے تین حصوں میں تقسیم کر کے اسے مرکزی حکومت کے کنٹرول میں دے دیا ہے۔

انہوں نے کہاکہ ہم مقبوضہ کشمیر کے مظلوم عوام کی حمایت جاری رکھیں گے اور یورپ میں مسئلہ کشمیر کو اٹھاتے رہیں گے، انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں کو بھی چاہیے کہ بھارت کا ظالمانہ چہرہ بے نقاب کریں اور کشمیریوں پر مظالم کے خلاف آواز بلند کریں۔ انہوں نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ مقبوضہ کشمیر میں مظالم بند کروائیں اور کشمیریوں کو ان کا حق خودارادیت دلوانے میں ان کی مدد کریں۔
خبر کا کوڈ : 879759
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش