QR CodeQR Code

کراچی، گلشن حدید میں کریکر حملے کی ابتدائی رپورٹ تیار

12 Aug 2020 09:39

حملے میں روسی ساختہ آر جی ڈی ون کریکر بم استعمال کیا گیا، کریکر بم کا وزن ڈھائی سو گرام تھا، جس میں بارود کا وزن 65 گرام تھا۔


اسلام ٹائمز۔ شہر قائد کے علاقے گلشن حدید میں جشن آزادی اسٹال کے قریب کریکر حملے کی ابتدائی رپورٹ تیار کرلی گئی۔ تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے گلشن حدید فیز ون مدنی مارکیٹ کے قریب جشن آزادی کے ایک اسٹال کے قریب نامعلوم موٹرسائیکل سوار افراد کریکر بم پھینک کر فرار ہوگئے، کریکر دھماکے کے نتیجے میں خاتون سمیت 7 افراد زخمی ہوگئے، جنہیں ایدھی ایمبولینس کے ذریعے قریبی اسپتال بعد ازاں جناح منتقل کر دیا گیا۔ کریکر حملے میں زخمی ہونے والے افراد کی شناخت 23 سالہ اسد اللہ ولد نور محمد، 20 سالہ عبدالقادر ولد ہدایت اللہ، 28 سالہ حسن ولد جہانزیب، 30 سالہ عروسہ دختر جہانزیب، 28 سالہ افضل ولد فضل اور 18 سالہ عامر جنید علی اور دانش کے نام سے ہوئی۔ ایس ایس پی ملیر عرفان بہادر نے بتایا کہ کریکر حملہ کرنے والے ملزمان کی تعداد 2 تھی اور حملے میں ملک دشمن عناصر ملوث ہیں، پولیس نے جائے وقوع سے شواہد اکٹھا کرکے واقعے کی تفتیش شروع کردی۔

بم ڈسپوزل یونٹ نے حملے کی ابتدائی رپورٹ تیار کرلی، جس کے مطابق حملے میں روسی ساختہ آر جی ڈی ون کریکر بم استعمال کیا گیا، کریکر بم کا وزن ڈھائی سو گرام تھا، جس میں بارود کا وزن 65 گرام تھا۔ بم ڈسپوزل حکام کے مطابق جائے وقوع سے کریکر کے ٹکڑے، لیور اور پن ملی ہے، جسے تحویل میں لینے کے بعد متعلقہ تھانے کی پولیس کے حوالے کردیا گیا۔ بی ڈی ایس کے مطابق کریکر حملہ گزشتہ دنوں ہونے والے کریکر حملوں سے مماثلت رکھتا ہے اور حملوں میں اسی طرز کا کریکر بم استعمال کیا گیا۔


خبر کا کوڈ: 879763

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/879763/کراچی-گلشن-حدید-میں-کریکر-حملے-کی-ابتدائی-رپورٹ-تیار

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org