QR CodeQR Code

گرفتار 56 لیگی کارکن جوڈیشل ریمانڈ پر جیل منتقل

12 Aug 2020 10:31

مقدمے میں سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز، ان کے شوہر کیپٹن (ریٹائرڈ) صفدر، مسلم لیگ نواز کے رہنما رانا ثناء اللّٰہ، پرویز رشید، زبیر محمود، جاوید لطیف، دانیال عزیز اور پرویز ملک سمیت 188 لیگی رہنماؤں اور کارکنوں کو نامزد کیا گیا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ گزشتہ روز لاہور میں قومی احتساب بیورو (نیب) کے آفس کے باہر سے گرفتار ہونے والے مسلم لیگ نواز کے 56 کارکنوں کو لاہور کی عدالت نے جیل بھجوا دیا۔ عدالت کی جانب سے گرفتار لیگی کارکنوں کو 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجا گیا ہے۔ اس سے قبل نیب کے آفس کے باہر سے گرفتار ہونے والے مسلم لیگ نواز کے 56 کارکنوں کو ہتھکڑیاں لگا کر جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت میں پیش کیا گیا۔ گرفتار کارکنوں کی ضمانت کے لیے نواز لیگ کی لیگل ٹیم بھی عدالت میں موجود تھی۔ جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت میں گرفتار ملزمان کی حاضری لگائی گئی۔ اس موقع پر تفتیشی افسر نے عدالت سے استدعا کی کہ گرفتار ملزمان سے برآمدگی اور تفتیش کے لیے جسمانی ریمانڈ کی ضرورت ہے۔

عدالت نے تفتیشی افسر کی استدعا کو مسترد کرتے ہوئے گرفتار لیگی کارکنوں کو 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجا دیا۔ نیب کی درخواست پر لاہور کے تھانہ چوہنگ میں مسلم لیگ نواز کے کارکنوں کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ مقدمے میں سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز، ان کے شوہر کیپٹن (ریٹائرڈ) صفدر، مسلم لیگ نواز کے رہنما رانا ثناء اللّٰہ، پرویز رشید، زبیر محمود، جاوید لطیف، دانیال عزیز اور پرویز ملک سمیت 188 لیگی رہنماؤں اور کارکنوں کو نامزد کیا گیا ہے۔


خبر کا کوڈ: 879771

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/879771/گرفتار-56-لیگی-کارکن-جوڈیشل-ریمانڈ-پر-جیل-منتقل

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org