QR CodeQR Code

ایف اے ٹی ایف ایسی تلوار ہے جو پاکستان پر بڑے عرصے سے لٹکی ہے، نوید قمر

12 Aug 2020 16:13

انسدادِ دہشت گردی ترمیمی بل کے حوالے سے اظہارِ خیال کرتے ہوئے پی پی کے رکنِ قومی اسمبلی نے کہا کہ دنیا کے خیال میں ہمارے قانون میں کئی خامیاں ہیں، ایشیاء پیسفک گروپ کا بھی ہم پر دباؤ ہے، ہم نے بھی بہت چیزوں پر ایف اے ٹی ایف سے حامی بھری۔


اسلام ٹائمز۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما و رکنِ قومی اسمبلی نوید قمر کہتے ہیں کہ ایف اے ٹی ایف ایسی تلوار ہے جو پاکستان پر بڑے عرصے سے لٹکی ہے۔ انسدادِ دہشت گردی ترمیمی بل پر قائمہ کمیٹی کی رپورٹ وفاقی وزیرِ قانون فروغ نسیم نے قومی اسمبلی میں پیش کردی۔ انسدادِ دہشت گردی ترمیمی بل کے حوالے سے اظہارِ خیال کرتے ہوئے پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما و رکنِ قومی اسمبلی نوید قمر کا کہنا ہے کہ آج تمام بلز اتفاقِ رائے سے اجلاس میں آئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دنیا کے خیال میں ہمارے قانون میں کئی خامیاں ہیں، ایشیاء پیسفک گروپ کا بھی ہم پر دباؤ ہے، ہم نے بھی بہت چیزوں پر ایف اے ٹی ایف سے حامی بھری۔ نوید قمر نے کہا کہ کچھ چیزیں تو ایسی ہیں جو ہمیں کرنی چاہیئے تھیں، کچھ چیزیں ایسی ہیں جو عوام پر قدغن لگاتی ہیں، ہم ظلم بھی کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کچھ چیزوں پر اتفاق ہوگیا لیکن کچھ پر نہیں ہوا، پاکستانیوں کے لئے ان کا ہضم کرنا آسان نہیں۔

نوید قمر نے کہا کہ انسدادِ دہشت گردی بل پر اب فوکس ان پر ہو رہا ہے جن کے لئے یہ بل بنا تھا، اب یہ بل کالعدم تنظیموں پر فوکس کر رہا ہے، اس پر پاکستانی ساتھ ہیں۔ پی پی پی رہنما نے کہا کہ انسدادِ دہشت گردی ترمیمی بل میں ہماری ترامیم شامل ہیں، جو دہشت گرد نہیں لیکن قانون کی زد میں آیا ہے اسے ہم بچا بھی سکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ بل میں تھا کہ جو کسی حد سے زیادہ پیسے بھیجتا ہے وہ دہشت گرد ہے، ہمیں خدشہ ہوا کہ اس قانون سے وائٹ اکانومی بھی بلیک کی طرف جائے گی۔ نوید قمر نے کہا کہ منی لانڈرنگ بل میں شرط ہے کہ بلڈر اور جیولر کے پاس جانے والے کی معلومات حاصل کرنی ہیں، جیولر یا بلڈر کو خریدار کے ذرائع آمدن اور اس کے حوالے سے دیگر معلومات حاصل کرنی ہیں۔ نوید قمر نے یہ بھی کہا کہ ہم عام صارف اور عام کاروباری شخص کے لئے بھی مشکلات پیدا کرتے ہیں، ایسا قانون بنے جو لوگوں کے لئے آسانیاں پیدا کرے۔


خبر کا کوڈ: 879862

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/879862/ایف-اے-ٹی-ایسی-تلوار-ہے-جو-پاکستان-پر-بڑے-عرصے-سے-لٹکی-نوید-قمر

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org