QR CodeQR Code

کراچی میں بارش کے نئے اسپیل کی پیش گوئی، انتظامیہ کو تیار رہنے کی ہدایت

12 Aug 2020 16:26

سیکرٹری بلدیات سندھ کا کہنا تھا کہ خود مختلف علاقوں کا سرپرائز وزٹ کروں گا، میونسپل و ڈپٹی کمشنر اپنے علاقوں کی رپورٹ دیں، بارش کی صورت میں کسی جگہ پانی زیادہ دیر کھڑا نہیں ہونا چاہیئے، سندھ حکومت کی درخواست ہے بارش کے دوران بچوں کو گھروں پر رکھیں۔


اسلام ٹائمز۔ محمکہ موسمیات میں کراچی سمیت سندھ میں بارشوں کے نئے اسپیل کی پیش گوئی کردی، پی ڈی ایم اے سندھ نے انتظامیہ کو آئندہ 3 دن تک متحرک رہنے کی ہدایت کردی۔ تفصیلات کے مطابق کراچی سمیت سندھ میں بارشوں کے نئے اسپیل کی پیش گوئی کے پیش نظر پی ڈی ایم اے سندھ نے کمشنر کراچی کو ہنگامی مراسلہ کردیا ہے۔ پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ کراچی انتظامیہ بارشوں پر انتظامات مکمل رکھے، املاک، لائیو اسٹاک کی حفاظت کیلئے انتظامات، مشینری تیار رہے اور انتظامیہ وسائل بروئے کار لاکر آئندہ 3 دن متحرک رہے۔ دوسری جانب سیکرٹری بلدیات سندھ روشن علی شیخ نے ممکنہ بارشوں کے پیش نظر بلدیاتی اداروں کو متحرک رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ واٹر بورڈ عملہ مکمل طور پر فعال اور تیار رہے۔

سیکرٹری بلدیات سندھ کا کہنا تھا کہ خود مختلف علاقوں کا سرپرائز وزٹ کروں گا، میونسپل و ڈپٹی کمشنر اپنے علاقوں کی رپورٹ دیں، بارش کی صورت میں کسی جگہ پانی زیادہ دیر کھڑا نہیں ہونا چاہیئے۔ روشن علی شیخ نے کہا تھا کہ سندھ حکومت کی درخواست ہے بارش کے دوران بچوں کو گھروں پر رکھیں۔ یاد رہے پی ڈی ایم اے سندھ کی جانب سے گذشتہ ہفتے ہونے والی بارش سے نقصانات سے متعلق اعداد و شمار جاری کئے تھے، جس کے مطابق بارشوں کے دوران جاں بحق افراد کی تعداد 28 ہوچکی ہے۔ رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ کراچی میں زخمیوں کی تعداد 2، جامشورو میں3، نوشہروفیروز میں ایک شخص زخمی ہوا، سکھر میں 11 جانور ہلاک، 132 ایکڑ زمین پر فصلوں کو نقصان پہنچا۔


خبر کا کوڈ: 879864

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/879864/کراچی-میں-بارش-کے-نئے-اسپیل-کی-پیش-گوئی-انتظامیہ-کو-تیار-رہنے-ہدایت

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org