QR CodeQR Code

پی ٹی آئی کا مولانا فضل الرحمان کے بھائی کی تعیناتی کے خلاف عدالت جانے کا اعلان

12 Aug 2020 16:39

ایک بیان میں پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ سندھ حکومت نے ضیاء الرحمان کی خدمات وفاق یا کے پی کو دینے سے انکار کیا ہے، افسوس کی بات ہے کہ جعلی ڈومیسائل کے بعد اب جعلی ڈی سی بھی میدان میں آگئے ہیں، اس لیے ہم غیر قانونی تقرری کے خلاف عدالت جا رہے ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ پاکستان تحریک انصاف نے ضیا الرحمان کی بہ طور ڈی سی تعیناتی کے خلاف عدالت جانے کا اعلان کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق مولانا فضل الرحمان کے بھائی کی کراچی میں بطور ڈی سی تعیناتی کے معاملے میں پی ٹی آئی نے عدالت جانے کا اعلان کر دیا ہے، اس سلسلے میں حلیم عادل شیخ نے قانونی مشاورت بھی کرلی ہے۔ پی ٹی آئی کے رہنما حلیم عادل شیخ نے میڈیا کو بتایا کہ انہوں نے وکلاء سے مشاورت میں پٹیشن کو حتمی شکل دے دی ہے، ایک دو روز میں سندھ ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی جائے گی۔ حلیم عادل شیخ نے کہا کہ سندھ کے ہر معاملے پر عدالتوں میں جانا پڑتا ہے، ضیاء الرحمان سے صرف اصولی اختلاف ہے کہ ان کی تعیناتی غیر قانونی ہے، کیا سندھ میں پی ایم ایس اور ڈی ایم جی افسران ختم ہوگئے تھے؟

انہوں نے کہا کہ اس عمل سے سندھ کے افسران کی حق تلفی کی گئی، جنوری میں سندھ حکومت نے ریکوزیشن بھیج کر انہیں خیبر پختونخوا سے بلایا، اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے واپسی کی ہدایت کردی ہے لیکن سندھ حکومت انہیں واپس نہیں بھیج رہی۔ پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ سندھ حکومت نے ضیاء الرحمان کی خدمات وفاق یا کے پی کو دینے سے انکار کیا ہے، افسوس کی بات ہے کہ جعلی ڈومیسائل کے بعد اب جعلی ڈی سی بھی میدان میں آگئے ہیں، اس لیے ہم غیر قانونی تقرری کے خلاف عدالت جا رہے ہیں۔


خبر کا کوڈ: 879866

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/879866/پی-ٹی-آئی-کا-مولانا-فضل-الرحمان-کے-بھائی-کی-تعیناتی-خلاف-عدالت-جانے-اعلان

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org