QR CodeQR Code

امریکی پولیس کیجانب سے 8 سالہ معذور بچے کو ہتھکڑی پہنائے جانیکی شرمناک ویڈیو جاری

گزشتہ 5 سالوں میں 10 سال سے کم عمر 30,000 بچے گرفتار

12 Aug 2020 23:58

امریکی نیوز چینل این بی سی کیمطابق امریکی وکیل بنجمن کرمپ کیجانب سے سوشل میڈیا پر وائرل ہونیوالی یہ ویڈیو سال 2018ء سے متعلق ہے جب استاد پر حملے کے الزام میں ریاست فلوریڈا کی پولیس نے ایک 8 سالہ معذور بچے کو ہتھکڑیاں پہنا کر گرفتار کر لیا تھا۔


اسلام ٹائمز۔ امریکی نیوز چینل این بی سی کے مطابق بنجمن کرمپ نامی وکیل نے فلوریڈا پولیس کی جانب سے 8 سالہ معذور بچے کو ہتھکڑی پہنائے جانے کی ویڈیو جاری کر دی ہے۔ پولیس کی وردی میں نصب کیمرے کے ذریعے ریکارڈ کی گئی اس ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ 2 پولیس اہلکاروں کی جانب سے ایک 8 سالہ بچے کو ہتھکڑی پہنائی جا رہی ہے جبکہ وہ ہتھکڑی اس بچے کے ہاتھوں کے لئے اس قدر بڑی ہے کہ بالآخر اتار لی جاتی ہے اور اُسے حکم دیا جاتا ہے کہ وہ اپنے ہاتھ سامنے کی جانب باندھے رکھے۔ بنجمن کرمپ کی جانب سے گزشتہ روز ٹوئٹر پر جاری ہونے والی اس 2 سال پرانی ویڈیو کو تاحال 11 لاکھ مرتبہ دیکھا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق ویڈیو میں نظر آنے والے بچے، جس کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی، کو لاحق خاص معذوری کی بناء پر اسے ایک خصوصی استاد کے پاس تعلیم حاصل کرنے کے لئے بھیجا جاتا ہے جہاں وہ پورے سکول میں تنہاء شاگرد تھا۔ بچے کے وکیل کے مطابق اس کے لئے انتخاب شدہ استاد خصوصی بچوں کی تعلیم کے حوالے غیر تربیت یافتہ تھا جس نے اس بچے کے ساتھ زور زبردستی سے کام لیا جبکہ بچے کی جانب سے حکم عدولی کی صورت میں اس نے پولیس کو بلوا کر اُسے ڈرانے دھمکانے کی کوشش بھی کی۔ پولیس کے مطابق بچے کو استاد کی شکایت پر گرفتار کیا گیا تھا کیونکہ جب استاد نے 8 سالہ بچے کو ہاتھ سے پکڑ کر زبردستی ایک جگہ سے دوسری جگہ لانے کی کوشش کی تو اُس نے استاد کے ایک گھونسا رسید کر دیا تھا۔

واضح رہے کہ مذکورہ بالا 8 سالہ معذور بچے کو 14 دسمبر 2018ء میں امریکی ریاست فلوریڈا کی پولیس کی جانب سے جیرالڈ ایڈمز نامی سکول سے گرفتار کیا گیا تھا۔ یاد رہے کہ امریکی پولیس کی جانب سے کمسن بچوں کے ساتھ روا رکھے جانے والے غیر انسانی سلوک کا یہ کوئی انوکھا واقعہ نہیں۔ قبل ازیں امریکی وفاقی تفتیشی ادارے  (FBI) کی جانب سے جاری ہونے والی ایک رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ امریکہ میں گزشتہ 5 سالوں کے دوران 10 سال سے کم عمر کے 30 ہزار بچوں کو گرفتار کر کے جیل میں ڈالا جا چکا ہے جہاں ان کے ساتھ بڑی عمر کے (جرائم پیشہ) افراد جیسا سلوک بھی روا رکھا گیا ہے۔



خبر کا کوڈ: 879923

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/879923/امریکی-پولیس-کیجانب-سے-8-سالہ-معذور-بچے-کو-ہتھکڑی-پہنائے-جانیکی-شرمناک-ویڈیو-جاری

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org