QR CodeQR Code

ایران کیخلاف اسلحے کی پابندیوں میں توسیع کی امریکی کوششیں

امریکہ مایوسی کے عالم میں ہاتھ پیر مار رہا ہے، جواد ظریف

13 Aug 2020 03:14

ایرانی وزیر خارجہ نے ٹوئٹر پر جاری ہونیوالے اپنے ایک پیغام میں سلامتی کونسل کو ارسال کئے گئے "خلیج تعاون کونسل" کے خط کے حوالے سے لکھا ہے کہ امریکہ، ایران کیخلاف اپنی کوششوں کیلئے حمایت حاصل کرنے میں اتنا مایوس ہو چکا ہے کہ وہ نہ صرف جبری طور پر حاصل کردہ خلیج تعاون کونسل کے سیکرٹری جنرل کے ذاتی بیان کا سہارا لے رہا ہے بلکہ اُسے پورے خطے کا اتفاق رائے بھی قرار دینے کی کوشش میں ہے۔


اسلام ٹائمز۔ اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے ٹوئٹر پر جاری ہونے والے اپنے ایک پیغام میں سلامتی کونسل کو ارسال کئے گئے "خلیج تعاون کونسل" کے خط کے حوالے سے قطری سربراہ انسداد دہشتگردی پروگرام کی طرف سے سامنے آنے والے ردعمل کی جانب اشارہ کرتے ہوئے لکھا ہے کہ امریکہ (ایران کے خلاف عالمی رائے عامہ ہموار کرنے میں) اپنی مایوسی کے باعث خلیج تعاون کونسل کے سیکرٹری جنرل کے ذاتی خیالات کو خطے کا اتفاق رائے قرار دے رہا ہے۔

تفصیلات کے مطابق محمد جواد ظریف نے اپنے پیغام میں لکھا کہ امریکہ، ایران کیخلاف اسلحے کی پابندیوں میں توسیع پر مبنی کوششوں کے لئے حمایت حاصل کرنے میں اتنا مایوس ہو چکا ہے کہ وہ نہ صرف جبری طور پر حاصل کردہ خلیج تعاون کونسل کے سیکرٹری جنرل کے ذاتی بیان کا سہارا لے رہا ہے بلکہ اُسے پورے خطے کا اتفاق رائے بھی قرار دینے کی کوشش میں ہے۔

ایرانی وزیر خارجہ نے اپنے دعوے کی تصدیق کے طور پر اپنے پیغام کے ساتھ عرب نیوز چینل 'الجزیرہ' کی ایک خبر بھی منسلک کی جس میں قطری وزیر خارجہ کا یہ بیان تحریر تھا کہ خلیج فارس تعاون کونسل (GCC) کا موقف وزرائے خارجہ کے اجلاس میں طے کیا جاتا ہے کہ نہ کہ سیکرٹری جنرل کے بیان کے ذریعے کیونکہ خلیج تعاون کونسل کا سیکرٹری جنرل صرف وزرائے خارجہ کونسل کے بیانات کو نشر کرنے کا ہی ذمہ دار ہے۔

واضح رہے کہ قطری وزیر خارجہ کے مذکورہ بیان میں کہا گیا تھا کہ ایران پر عائد اسلحے کی پابندیوں میں توسیع کے حوالے سے ہم قطر کے اندر کوئی مثبت نتیجہ نہیں دیکھ رہے جبکہ بحرانوں کو صرف اور صرف گفتگو کے ذریعے ہی حل کیا جانا چاہئے۔ یاد رہے کہ انسداد دہشتگردی پروگرام کے لئے قطر کے خصوصی نمائندے مطلق بن ماجد القحطانی نے خلیج تعاون کونسل کی جانب سے سکیورٹی کونسل کو لکھے گئے خط کو واضح طور پر مسترد کرتے ہوئے اس پر شدید تنقید بھی کی تھی۔


خبر کا کوڈ: 879941

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/879941/امریکہ-مایوسی-کے-عالم-میں-ہاتھ-پیر-مار-رہا-ہے-جواد-ظریف

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org