QR CodeQR Code

جی بی الیکشن، تحریک انصاف کے ٹکٹ کے امیدواروں کے انٹرویوز کا شیڈول جاری

13 Aug 2020 11:32

17 سے 20 اگست تک امیدواروں کے انٹرویوز لیے جائیں گے، تحریک انصاف کے ٹکٹ کیلئے چوبیس حلقوں سے 94 امیدواروں نے درخواستیں دی ہیں، امیدواروں میں نون لیگ کے سابق وزیر تعلیم ابراہیم ثنائی بھی شامل ہیں۔ سب سے زیادہ گلگت ریجن سے امیدواروں نے درخواستیں دی ہیں جہاں 42 امیدوار ٹکٹ کے خواہش مند ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ جی بی الیکشن کیلئے تحریک انصاف نے پارٹی ٹکٹ کے امیدواروں کے انٹرویو کا شیڈول جاری کر دیا۔ 17 سے 20 اگست تک امیدواروں کے انٹرویوز لیے جائیں گے، تحریک انصاف کے ٹکٹ کیلئے چوبیس حلقوں سے 94 امیدواروں نے درخواستیں دی ہیں، امیدواروں میں نون لیگ کے سابق وزیر تعلیم ابراہیم ثنائی بھی شامل ہیں۔ سب سے زیادہ گلگت ریجن سے امیدواروں نے درخواستیں دی ہیں جہاں 42 امیدوار ٹکٹ کے خواہش مند ہیں جبکہ بلتستان ریجن سے 30، دیامر ڈویژن سے 22 امیدواروں نے ٹکٹ کیلئے درخواستیں جمع کرائی ہیں۔ دوسری جانب تحریک انصاف کی جانب سے جاری امیدواروں کی لسٹ میں سابق صوبائی وزیر ابراہیم ثنائی کا نام بھی شامل ہے۔

اس سے پہلے ابراہیم ثنائی کی جانب سے تحریک انصاف میں شمولیت کا کوئی اعلان نہیں کیا گیا تھا۔ اعلامیہ کے مطابق پارٹی ٹکٹ کے امیدواروں کے انٹرویوز پی ٹی آئی نارتھ پنجاب ریجن آفس میں ہوں گے۔ یاد رہے کہ گلگت بلتستان کے عام انتخابات کے شیڈول کو معطل کیا گیا ہے، پہلے جاری شدہ شیڈول کے تحت انتخابات 18 اگست کو ہونا تھے تاہم الیکشن کمیشن کی تیاریاں نہ ہونے کی وجہ سے شیڈول کو معطل کیا گیا تھا۔ دوسری جانب چیف کورٹ گلگت بلتستان نے بھی الیکشن شیڈول کو معطل کرنے کی درخواست کو بھی قابل سماعت قرار دیتے ہوئے شیڈول معطل کیا تھا، الیکشن سے متعلق متفرق درخواستوں کی سماعت چیف کورٹ میں مکمل ہونے کے بعد فیصلہ محفوظ کیا جا چکا ہے جس کا فیصلہ آج سنایا جائے گا۔


خبر کا کوڈ: 879975

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/879975/جی-بی-الیکشن-تحریک-انصاف-کے-ٹکٹ-امیدواروں-انٹرویوز-کا-شیڈول-جاری

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org