0
Thursday 13 Aug 2020 15:44

انتظار کی گھڑیاں ختم ہوگئیں، پشاور کے میگا پراجیکٹ بی آرٹی کا افتتاح اب سے کچھ دیر بعد

انتظار کی گھڑیاں ختم ہوگئیں، پشاور کے میگا پراجیکٹ بی آرٹی کا افتتاح اب سے کچھ دیر بعد
اسلام ٹائمز۔ انتظار کی گھڑیاں ختم ہوگئیں، پشاور کے میگا پراجیکٹ بی آرٹی کا افتتاح اب سے کچھ دیر بعد ہونے جا رہا ہے۔ وزیراعظم عمران خان آج خیبر پختونخوا حکومت کے میگا پراجیکٹ بس ریپڈ ٹرانزٹ (بی آر ٹی) کا افتتاح کریں گے۔ 71 ارب روپے سے زیادہ لاگت کے اس منصوبے کے تحت 220 بسیں چلائی جائیں گی جس کے ذریعے روزانہ ساڑھے تین لاکھ سے زیادہ مسافر مستفید ہوں گے۔ بہترین سہولتوں سے آراستہ جدید ائیرکنڈیشنز بسوں میں اب پشاور کے شہری سفر کرسکیں گے جس میں انہیں وائی فائی اور موبائل چارجنگ سمیت دیگر سہولیات میسر ہوں گی۔ اس کے علاوہ معذور افراد کیلئے بھی بسوں اور سٹیشنز میں الگ جگہ مختص کی گئی ہے۔ مسافروں سے پہلے سٹاپ تک 10 روپے جبکہ 5 کلومیٹر کی مسافت پر 5 روپے کرایہ وصول کیا جائے گا۔

مسافروں کی معلومات کیلئے جدید نظام وضع کیا گیا ہے، جبکہ پلیٹ فارمز پر مسافروں کی حفاظت اور مؤثر کارکردگی کیلئے خود کار دروازے نصب کئے گئے ہیں، بس سٹیشنز میں مسافروں کی سہولت کیلئے خود کار برقی سیڑھیاں اور لفٹ کی سہولت بھی دستیاب ہوگی۔ معاون خصوصی اطلاعات کامران بنگش کا کہنا ہے کہ چمکنی سے کارخانو مارکیٹ تک 27 کلومیٹر کا گھنٹوں میں طے ہونے والا سفر اب ذو ایکسپریس سے صرف 45 منٹ جبکہ بی آر ٹی سٹاپنگ روٹ کے ذریعے ایک گھنٹے میں طے ہوگا۔ انہوں نے بتایا کہ شہری موبائل ایپ اور سفری کارڈ جبکہ ٹوکن سسٹم سے بھی کرایہ ادا کر سکیں گے۔ اس کے علاوہ بی آر ٹی میں سائیکل ٹریک اور سائیکلوں کیلئے 32 سٹیشنز قائم کئے گئے ہیں، منصوبہ کیلئے ماحول دوست بسوں کا چناؤ کیا گیا ہے۔

خیبر پختونخوا کے میگا پراجیکٹ بی آر ٹی کا سنگ بنیاد اکتوبر 2017ء میں سابق وزیراعلٰی پرویز خٹک کے دور حکومت میں رکھا گیا جس کی تکمیل کیلئے 6 ماہ کی ڈیڈ لائن دی گئی تھی، تاہم اس دوران کم و بیش 8 مرتبہ منصوبے کے افتتاح کے حوالے سے ڈیڈ لائنز دی گئیں۔ منصوبے پر لاگت کا ابتدائی تخمیہ 49 ارب روپے لگایا گیا تھا، تاہم منصوبے کے ڈیزائن میں نقائص کے باعث اس میں دو درجن سے زائد مرتبہ تبدیلیاں لائی گئیں جس سے اس کی لاگت 71 ارب روپے سے تجاوز کر گئی۔ حکومت کا دعویٰ ہے کہ منصوبے کو مقررہ وقت سے پہلے ہی مکمل کرلیا گیا ہے۔ بی آرٹی منصوبے کیلئے ایشیائی ترقیاتی بینک سے آسان شرائط پر قرضہ لیا گیا ہے اور منصوبے کی لاگت کا 15 فیصد حصہ صوبائی حکومت نے ادا کیا ہے۔
خبر کا کوڈ : 880040
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش