QR CodeQR Code

وفاق کا سی پیک کا دائرہ کار بڑھانے کا فیصلہ

14 Aug 2020 10:29

وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر کے زیرصدارت کابینہ کمیٹی برائے سی پیک کے اجلاس میں جاری منصوبوں پر عمل درآمد میں پیش رفت کا جائزہ لیا گیا اور رواں مالی سال کے لیے پلان زیربحث لایا گیا۔


اسلام ٹائمز۔ وفاقی حکومت نے چین پاکستان اقتصادی راہداری ( سی پیک ) کا دائرہ کار بڑھانے اور زرعی شعبے کو بھی اس میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر کے زیرصدارت کابینہ کمیٹی برائے سی پیک کے اجلاس میں جاری منصوبوں پر عمل درآمد میں پیش رفت کا جائزہ لیا گیا اور رواں مالی سال کے لیے پلان زیربحث لایا گیا۔ علاوہ ازیں دوران اجلاس سی پیک فریم ورک میں دو نئے منصوبوں کی شمولیت پر بھی غور کیا گیا۔ واضح رہے کہ حکومت نے سی پیک کا دائرہ بڑھانے کا فیصلہ ایسے وقت میں کیا ہے جب چند روز بعد وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی بیجنگ کا دورہ کرنے والے ہیں۔ اس دورے میں سی پیک کے حوالے سے ملکی ترجیحات پر گفت و شنید کی جائے گی۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر نے کہا کہ اب سی پیک کا فوکس زراعت اور سائنس و ٹیکنالوجی پر ہو گا۔ ان کا کہنا تھا کہ انفرااسٹرکچر اور پاور پروجیکٹس پر درست پیشرفت ہو رہی ہے اور اب نئے شعبوں پر کام کرنے کی ضرورت ہے۔ وزیر منصوبہ بندی کے مطابق جلد ہی ایک اجلاس منعقد کیا جائے گا جس میں سی پیک کے تحت زرعی سیکٹر میں تعاون کے لیے مختلف شعبوں کا تعین کیا جائے گا۔ اسد عمر کا کہنا تھا کہ وزیر خارجہ اپنے دورے میں چینی قیادت کے سامنے سی پیک پر پاکستانی ترجیحات پیش کریں گے۔ کابینہ کمیٹی کے اجلاس میں شامل حکام کے مطابق 6.8 بلین ڈالر مالیت کے مین لائن ون ( ایم ایل ون) منصوبے کا افتتاح اسی مالی سال میں، ممکنہ طور پر یکم جنوری 2021ء کو کرنے پر بھی غور کیا گیا، تاہم حتمی تاریخ کا تعین وزیر خارجہ کے دورہ چین سے واپسی پر کیا جائے گا، کیوں کہ اسلام آباد چاہتا ہے کہ اس منصوبے کا افتتاح چینی صدر کریں۔


خبر کا کوڈ: 880179

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/880179/وفاق-کا-سی-پیک-دائرہ-کار-بڑھانے-فیصلہ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org