0
Friday 14 Aug 2020 13:00
اے وطن تیری صبح دلنشین، تیری شام آفریں

لاہور میں جشن آزادی کی تقریبات، زندہ دلان وطن کے دفاع کیلئے پُرعزم

رنگ و خوشبو کے نظارے دیکھو، ایسی زمین، آسمان اور ستارے دیکھو
لاہور میں جشن آزادی کی تقریبات، زندہ دلان وطن کے دفاع کیلئے پُرعزم
اسلام ٹائمز۔ اے وطن تو سلامت رہے تا قیامت رہے، سبز ہلالی پرچم سربلند رہے، لاہور کی پُرکیف فضاؤں میں آزادی کے جشن کا ہنگامہ جاری، گلیوں، محلوں، کوچوں، بازاروں اور شاہراہوں پر سبز ہلالی پرچموں کی بہار ہے۔ بچے، بوڑھے، جوان اور خواتین جذبہ حب الوطنی سے سرشار دکھائی دے رہے ہیں۔ جشن آزادی کا آغاز رات 12 بجتے ہی کر دیا گیا۔ اس حوالے سے لاہور میں گریٹر اقبالؒ پارک میں ضلعی حکومت کی جانب سے شاندار آتش بازی کا مظاہرہ کیا گیا جبکہ دوسری بڑی تقریب لبرٹی میں ہوئی۔ دونوں تقاریب میں شہریوں کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔ دونوں تقاریب میں آتشبازی کی گئی اور ملی نغمے بجائے گئے۔
 
شہر بھر میں مختلف سیاسی، سماجی، دینی تنظیموں، تاجر انجمنوں کی جانب سے پرچم کشائی کی تقاریب کا اہتمام کیا گیا۔ سبز پرچم ہمارا اُونچا رہے، چاند تارا یونہی جگمگاتا رہے، گورنمنٹ کالج یونیورسٹی میں بھی یوم آزادی کی مناسبت سے خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں گورنر پنجاب چودھری سرور نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی اور پرچم کشائی  کی۔ اس موقع پر گورنر پنجاب نے طلباء کے ساتھ مل کر قومی نغمہ بھی گنگنایا۔ گورنر پنجاب کا اپنے خطاب میں کہنا تھا کہ کورونا کیخلاف جنگ جیت لی، اب آزدی کشمیر کی جدوجہد تیز کرنی ہے۔
 
اے وطن تیری صبح دلنشین، تیری شام آفریں، لاہور ہائیکورٹ بلڈنگ میں یوم آزادی کی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ چیف جسٹس محمد قاسم خان نے پرچم کشائی کی۔ پولیس گارڈز نے سلامی دی، تقریب میں سینئر ججز اور لاہور ہائیکورٹ عملے نے بھی شرکت کی۔ چاند میری زمیں پھول میرا وطن، آزاد چمن میں آزادی کا جشن، مسلم لیگ (ن) کے زیراہتمام ماڈل ٹاؤن میں تجدید عہد کی تقریب منعقد ہوئی۔ تقریب میں قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر اور صدر مسلم لیگ (ن) میاں شہباز شریف نے پرچم کشائی کی۔ تقریب میں قومی خوشحالی اور امن و سلامتی کیلئے دعائیں کی گئیں۔ شہباز شریف کا تقریب سے خطاب میں کہنا تھا کہ نفرت، انتقام کی سیاست دفن کرنے کا عزم کرنا ہوگا، وطن کے تحفظ کی قسم کھاتے ہیں۔ انہوں نے تقریب میں شریک لیگی رہنماؤں اور کارکنوں سے تجدید عہد کا حلف بھی لیا۔ شہباز شریف نے کہا کہ جدوجہد آزادی کے شہیدوں اور غازیوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔
 
سیشن کورٹ میں بھی پرچم کشائی کی تقریب منعقد ہوئی۔ سیشن جج لاہور محمد اعظم سرویا نے پاکستان زندہ باد کے نعروں کی گونج میں سبز ہلالی پرچم بلند کیا۔ بچوں نے ملی نغمے پیش کئے جبکہ یوم آزادی کی مناسبت سے کیک بھی کاٹا گیا اور قومی سلامتی و خوشحالی کی دعائیں کی گئیں۔ پاک سرزمین ہمارا افتخار، رنگ و خوشبو کے نظارے دیکھو، ایسی زمین، آسمان اور ستارے دیکھو، کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی میں پرچم کشائی کی تقریب منعقد ہوئی جس میں وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد نے بطورِ مہمان خصوصی شرکت کی۔ تقریب میں قومی ترانہ پیش کیا گیا، ملکی سلامتی اور استحکام کیلئے خصوصی دعائیں کی گئیں۔ اس موقع پر شرکاء میں مٹھائی بھی تقسیم کی گئی۔
خبر کا کوڈ : 880208
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش