QR CodeQR Code

پشاور، جماعت اسلامی کے صوبائی دفتر میں پرچم کشائی اور دعائیہ تقریب

14 Aug 2020 22:45

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی امیر مشتاق خان کا کہنا تھا کہ آزادی بہت بڑی نعمت ہے، افغانستان، شام، لیبیا، فلسطین اور شام کے مسلمانوں کی حالت زار کو دیکھ کر آزادی کی نعمت اور اس کی قدر و قیمت کا اندازہ لگایا جاسکتا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ امیر جماعت اسلامی خیبر پختونخوا مشتاق احمد خان نے کہا ہے کہ پاکستان ہمارا وطن ہے، یہ قائم رہنے کے لئے بنا ہے، دنیا کی کوئی طاقت پاکستان کو نہیں مٹا سکتی، پاکستان اللہ کی رحمت کا مظہر ہے، اس کی حفاظت کے لئے کسی قسم کی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔ آزادی بہت بڑی نعمت ہے، افغانستان، شام، لیبیا، فلسطین اور شام کے مسلمانوں کی حالت زار کو دیکھ کر آزادی کی نعمت اور اس کی قدر و قیمت کا اندازہ لگایا جاسکتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے المرکز الاسلامی پشاور میں وطن عزیز کی تہترویں سالگرہ کی مناسبت سے منعقدہ پرچم کشائی کی ایک سادہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں صوبائی سیکرٹری جنرل عبدالواسع، نائب امراء نور الحق، عنایت اللہ خان، مولانا تسلیم اقبال، ڈپٹی سیکرٹری جنرل مولانا ہدایت اللہ سمیت المرکز الاسلامی پشاور کے کارکنان نے شرکت کی۔ اس موقع پر مشتاق احمد خان نے پرچم کشائی کی اور پاکستان کا پرچم لہرایا۔

تقریب میں پاکستان کی سالمیت، ترقی اور خوشحالی کے لئے دعا کی گئی۔ تقریب میں پاکستان کی تہترویں سالگرہ پر مشتاق احمد خان نے کارکنان کو مٹھائی کھلائی اور پاکستان زندہ باد، پاکستان کا مطلب کیا لا الہ الا اللہ، جیوے جیوے پاکستان کے نعرے لگائے۔ مشتاق خان کا کہنا تھا کہ یہ ملک اسلام کے نام پر بنا لیکن اس میں آج تک اسلام نافذ نہ ہوسکا۔ ستر سال سے کرپٹ طبقہ اور مافیا پاکستان کی ترقی کے راستے میں روڑے اٹکا رہا ہے۔ ان کرپٹ حکمرانوں نے اس ملک میں لوٹ مار کا بازار گرم کر رکھا ہے۔ حقیقی آزادی کے لئے ان کرپٹ حکمرانوں سے جان چھڑانا ضروری ہے۔ پاکستان اسلامی دنیا کا واحد ملک ہے جو نظریہ کی بنیاد پر وجود میں آیا۔ جماعت اسلامی نے پاکستان کی سالمیت اور حفاظت کے لئے بے شمار قربانیاں دی ہیں۔ ہم پاکستان کی آزادی اور سالمیت کے لئے قربانیاں دینے والے شہداء کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔

مشتاق احمد خان نے کہا کہ لاکھوں افراد نے اسلامی نظام کے نفاذ کی خاطر ہندوستان سے ہجرت کی لیکن پاکستان میں اسلامی نظام نافذ نہ ہوا، یہی وجہ ہے کہ پاکستان بدامنی، لاقانونیت، دہشت گردی، بے روزگاری اور لوڈ شیڈنگ سمیت بہت سے دیگر مسائل کا شکار ہے۔ ستر سالوں سے حکمران اس ملک کو صرف لوٹتے آئے ہیں۔ ترقی کے نام پر عوام کو سبز باغ دکھانے والے عبرتناک انجام سے دوچار ہوں گے۔ پاکستان کے تمام مسائل کا حل اسلامی نظام میں مضمر ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ایٹمی ملک ہے، اس کا دفاعی نظام ناقابل تسخیر ہے، پاکستان کی بہترین مسلح افواج کی موجودگی میں اسے امریکہ یا مودی سے نہیں بلکہ ایسے حکمرانوں سے خطرہ ہے جو نظریہ پاکستان کے خلاف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی پاکستان کی نظریاتی سرحدوں کی محافظ ہے۔ پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے دیکھنے والوں کی آنکھیں نکال دیں گے۔ وطن عزیز کا دفاع ہم سب پر فرض ہے۔ جماعت اسلامی وطن عزیز کے دفاع کسی قسم کا دقیقہ فروگزاشت نہیں کرے گی۔


خبر کا کوڈ: 880293

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/880293/پشاور-جماعت-اسلامی-کے-صوبائی-دفتر-میں-پرچم-کشائی-اور-دعائیہ-تقریب

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org