QR CodeQR Code

محرم الحرام، آزاد کشمیر حکومت کے تحت مختلف مکاتب فکر کے علماء کا اجلاس

14 Aug 2020 22:56

اجلاس میں محرم الحرام کے دوران امن وامان کی بہتری کے حوالے سے تجاویز دی گئیں اور اس پر اتفاق کیا گیا کہ محرم الحرام ایامِ نواسہ رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ہیں، جو پوری امت مسلمہ کا اثاثہ ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ چیف سیکرٹری آزاد جموں و کشمیر ارشد خان بنگش کی زیر صدارت ریاست بھر کے علماء کرام کا محرم الحرام کی SOPs کے حوالے سے اجلاس مظفرآباد میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں انسپکٹر جنرل پولیس آزاد کشمیر صلاح الدین محسود، ریاستی سیکرٹری جنرل مجلس وحدت مسلمین آزاد کشمیر علامہ سید تصور حسین نقوی الجوادی، چئیرمین جعفریہ سپریم کونسل سید شبیر حسین بخاری، امیر جمعیت علمائے اسلام آزاد کشمیر قاضی محمود الحسن، مہتمم جامعہ برکاتیہ مظفرآباد حمید الدین برکتی,،ممبر علمائے مشائخ کونسل آزاد کشمیر علامہ سید فرید عباس نقوی، چئیرمین زکواۃ کونسل آزاد کشمیر صاحبزادہ محمد سلیم چشتی کے علاوہ ناظم امامیہ آرگنائزیشن سید زوار حسین نقوی و دیگر زمہ داران نے شرکت کی۔ اجلاس میں محرم الحرام کے دوران امن وامان کی بہتری کے حوالے سے تجاویز دی گئیں اور اس پر اتفاق کیا گیا کہ محرم الحرام ایامِ نواسہ رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ہیں، جو پوری امت مسلمہ کا اثاثہ ہیں، اس میں کوئی شیعہ، سنی کی تفریق نہیں ہے بلکہ امام حسینؑ تمام مکاتب فکر یہاں تک کے غیر مسلم قوم بھی انہیں اپنا ہیرو تسلیم کرتے ہیں لہذا یہ ایام ہمیں صبر و رواداری اور ایثار و فداکاری کا درس دیتے ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ ہمیں کرونا کے حوالے سے معین کردہ SOPs کا بھی خیال رکھنا ہے۔

اس موقع پر سیکرٹری جنرل مجلس وحدت مسلمین آزادکشمیر علامہ سید تصور حسین نقوی الجوادی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میں آج ساڑھے تین سال بعد کسی سرکاری حکومتی اجلاس میں شریک ہو رہا ہوں وجہ میرا زخمی ہونا تھا لیکن اب میں بحالی کی طرف آرہا ہوں، اب میں موجود رہوں گا۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے مجلس وحدت مسلمین آزاد کشمیر کے پلیٹ فارم سے پورے آزاد کشمیر میں بانیان مجالس کو ہدایت کی ہے کہ وہ SOPs کا خصوصی خیال رکھیں اور نیاز کی تقسیم کے وقت بھی خاص لحاظ رکھیں مثلاً ماسک تقسیم کریں، نیاز پلیٹ کے بجائے پیکٹ میں دیں، اسی طرح انسانی فاصلے کا خیال رکھیں اور فیس ماسک کا استعمال کریں۔ اس طرح کی ہدایات ہم نے اضلاع کو جاری کردی ہیں۔ نیز اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے چئیرمین جعفریہ سپریم کونسل سید شبیر حسین بخاری نے کہا کہ یہاں پر دہشتگردی کے دو واقعات ہوئے ہیں ایک تو  2009 میں سانحہ شب عاشور جس میں 7 لوگ شہید ہوئے اور بہت زیادہ زخمی تھے، نہ ہمیں آج تک ان دہشتگردوں کے ماسٹر مائینڈ کا پتا چل سکا اسی طرح 2017 میں سیکرٹری جنرل مجلس وحدت مسلمین آزاد کشمیر علامہ سید تصور حسین نقوی الجوادی پر جو قاتلانہ و دہشتگردانہ حملہ ہوا تھا، نہ ہی آج تک ان دہشتگردوں کا ہمیں پتا چل سکا۔ کبھی کہا جاتا ہے بندے گرفتار ہیں اور کبھی کہتے ہیں نہیں گرفتار ہوئے، اس طرح کی باتیں کی جاتی ہیں جس سے ابہامات میں مزید اضافہ ہو رہا ہے۔


خبر کا کوڈ: 880296

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/880296/محرم-الحرام-ا-زاد-کشمیر-حکومت-کے-تحت-مختلف-مکاتب-فکر-علماء-کا-اجلاس

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org