QR CodeQR Code

لبنان جیسے صیہونی دشمن پر فتحیاب ہوا، اسی طرح موجودہ بحران میں بھی کامیاب رہیگا، جواد ظریف

کسی بیرونی طاقت کو لبنانی بحران سے غلط فائدہ نہیں اٹھانا چاہئے

14 Aug 2020 23:10

عرب نیوز چینل المیادین کیمطابق ایرانی وزیر خارجہ جو گذشتہ شب لبنان کے اپنے دورے پر بیروت پہنچنے تھے، نے اپنے لبنانی ہم منصب شریل وہبہ کیساتھ ملاقات کی ہے۔ محمد جواد ظریف نے خبرنگاروں کیساتھ اپنی گفتگو میں لبنانی عوام و حکومت کیساتھ ایران کی یکجہتی و ہمدردی پر تاکید کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے شریل وہبہ کیساتھ موجودہ بحران میں بیروت کی تعمیر نو سمیت متعدد اہم موضوعات پر تفصیلی گفتگو کی ہے۔


اسلام ٹائمز۔ ایرانی وزیر خارجہ محمد جواد ظریف جو گزشتہ شب لبنان کے دورے پر بیروت پہنچے تھے، نے لبنانی وزیر خارجہ شریل وہبہ کے ساتھ ملاقات اور موجودہ لبنانی بحران پر تفصیلی گفتگو کی ہے۔ عرب نیوز چینل المیادین کے مطابق ایرانی وزیر خارجہ نے اپنے لبنانی ہم منصب کے ساتھ ہونے والی اس ملاقات میں ایرانی حکومت و عوام کی جانب سے لبنان کے ساتھ یکجہتی پر تاکید کی۔ انہوں نے بیروت دھماکے کے حوالے سے کہا کہ ہم نے بیروت کی تعمیر نو اور دوسرے میدانوں میں لبنان-ایران وسیع باہمی تعاون پر بھی تفصیلی گفتگو کی ہے۔

ایرانی وزیر خارجہ نے خبرنگاروں کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایران کا ایمان ہے کہ لبنانی حکومت و عوام ہی اپنی قسمت کا فیصلہ کرنے کا حق رکھتے ہیں جبکہ ایران اُن کے آزادانہ فیصلوں کے ساتھ کھڑا ہے۔ محمد جواد ظریف نے کہا کہ لبنان جیسے صیہونی دشمن پر فتحیاب ہوا ہے اسی طرح موجودہ بحران سے بھی کامیابی کے ساتھ باہر نکلے گا۔ انہوں نے کہا کہ کسی بیرونی طاقت کو لبنان کے موجودہ بحران سے غلط فائدہ نہیں اٹھانا چاہئے اور نہ ہی اس نازک صورتحال میں لبنان پر اپنی مرضی تھونپنا چاہئے۔

دوسری طرف لبنانی وزیر خارجہ شریل وہبہ نے بھی خبرنگاروں کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایرانی وزیر خارجہ کی جانب سے لبنانی عوام کے ساتھ یکجہتی اور ہمدردی کے اظہار کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ شریل وہبہ نے کہا کہ ایران کی جانب سے لبنانی عوام کو پیش کی جانے والی حمایت اور دی جانے والی امداد کا جائزہ لے لیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے ہم مزید پیشکشوں کے منتظر ہیں جن کے وصول ہونے کے بعد ہی کوئی فیصلہ کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ ایرانی وزیر خارجہ گذشتہ شب لبنان کے اپنے دورے پر بیروت پہنچے تھے جہاں انہوں اپنے الگ الگ پیغامات میں اپنے لبنانی ہم منصب اور لبنانی مزاحمتی تحریک حزب اللہ کے سیکرٹری جنرل سید حسن نصراللہ کو اسرائیل کی جانب سے مسلط کردہ 33 روزہ جنگ میں تاریخی فتح پر مبارکباد بھی پیش کی۔


خبر کا کوڈ: 880298

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/880298/لبنان-جیسے-صیہونی-دشمن-پر-فتحیاب-ہوا-اسی-طرح-موجودہ-بحران-میں-بھی-کامیاب-رہیگا-جواد-ظریف

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org