QR CodeQR Code

پاکستان کے غیور عوام اسرائیل کے وجود کو کسی صورت قبول نہیں کرینگے، صاحبزادہ ابوالخیر زبیر

14 Aug 2020 23:06

جشن آزادی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جے یو پی کے سربراہ کا کہنا تھا کہ اسرائیل کا وجود عالم اسلام کے دامن پر بدنما داغ ہے، بانی پاکستان قائد اعظم محمد جناح نے اسرائیل کے نقشہ کو خنجر سے تشبیہ دیتے ہوئے اسے دنیا کیلئے ناسور قرار دیا تھا۔


اسلام ٹائمز۔ جمعیت علماء پاکستان و ملی یکجہتی کونسل کے صدر ڈاکٹر صاحبزادہ ابوالخیر محمد زبیر نے حیدر آباد میں 73ویں جشن آزادی کے سلسلے میں پرچم کشائی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے غیور عوام اسرائیل کے وجود کو کسی صورت قبول نہیں کریں گے، اسرائیل کا وجود عالم اسلام کے دامن پر بدنما داغ ہے، بانی پاکستان قائد اعظم محمد جناح نے اسرائیل کے نقشہ کو خنجر سے تشبیہ دیتے ہوئے اسے دنیا کیلئے ناسور قرار دیا تھا، جب تک پاکستان میں اللہ کے پیارے نبی (ص) کا نظام نافذ نہیں ہوگا، ریاست مدینہ کا خواب پورا نہیں ہوسکتا۔ انہوں نے کہا کہ قیام پاکستان کی جدوجہد میں ہمارے بزرگوں کا لہو شامل ہے، قیام پاکستان کے مقاصد حاصل کرنے کیلئے اس ملک سے کرپٹ، بد عنوان، خائن، چور، لٹیروں کو منطقی انجام تک پہنچا کر غریب، جہالت، بے روزگاری، ظلم و بربریت، ناانصافی، عریانی فحاشی اور بے حیائی کا خاتمہ کرنا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ کشمیر میں بھارتی درندگی کا راج ہے، جہاں مظلوم کشمیریوں پر ظلم و ستم کے پہاڑ توڑے جا رہے ہیں، کشمیر کل بھی ہمارا تھا، آج بھی ہمارا ہے، کشمیر کو بھارتی پنجہ استبداد سے نجات دلانے کیلئے پاک فوج ایمان، تقویٰ اور جہاد فی سبیل اللہ کے جذبہ سے سرشار ہے، بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دے اور کشمیریوں کو آزادی دلائے۔ انہوں نے کہا کہ قوم نے جشن آزادی کے موقع پر سبز ہلالی پرچم لہرا کر ثابت کر دیا کہ پاکستان کی ترقی، خوشحالی اور استحکام کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔ پاکستان کو حقیقی اسلامی ریاست بنا کر دم لیں گے، جس عظیم مقصد کیلئے ہمارے بزرگوں نے قربانیاں دیں تھیں، اس مقصد عظیم کو حاصل کرنے کیلئے پاکستان کو حقیقی ریاست مدینہ بنا کر دم لیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ ان شاء اللہ یہ صدی غلبہ اسلام کی صدی ثابت ہوگی۔


خبر کا کوڈ: 880299

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/880299/پاکستان-کے-غیور-عوام-اسرائیل-وجود-کو-کسی-صورت-قبول-نہیں-کرینگے-صاحبزادہ-ابوالخیر-زبیر

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org