0
Saturday 15 Aug 2020 23:40
شہر 4 زونز، 10 سیکٹرز، 20 سب سیکٹرز میں تقسیم

محرم الحرام، ڈی آئی خان کا خصوصی سکیورٹی پلان جاری

شہر کے 48 داخلی و خارجی پوانٹس مکمل طور پر سیل کرنیکا فیصلہ
محرم الحرام، ڈی آئی خان کا خصوصی سکیورٹی پلان جاری
اسلام ٹائمز۔ ڈسٹرکٹ پولیس آفسیر ڈیرہ اسماعیل خان کیپٹن(ر) واحد محمود نے کہا ہے کہ ڈیرہ پولیس کی جانب سے محرم الحرام کے موقع پر سیکورٹی پلان پر عمل درآمد سختی کے ساتھ جاری ہے۔ ڈیرہ پولیس نے محرم الحرام کے دوران سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کر رکھے ہیں۔ کسی کو شر پسندی کی اجازت نہیں دیں گے۔سات محرم الحرام سے ڈیرہ میں بازاروں کو سیل کرنے کے حوالے سے ہمیں صوبائی حکومت کی جانب سے کوئی ہدایات موصول نہیں ہوئی ہیں اور نہ ہی تاحال کوئی فیصلہ کیاگیا ہے لہذا ڈیرہ میں تمام بازار وغیرہ کھلے رہیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے میڈیا سے خصوصی گفتگو کے دوران کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ سات محرام الحرام سے ڈیرہ میں بازاروں کو سیل کرنے کے حوالے سے صوبائی حکومت کی جانب سے انہیں کوئی ہدایات موصول نہیں ہوئی ہیں اور نہ ہی اسکے بارے میں کوئی فیصلہ کیا گیا ہے، تاہم کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے نمٹنے کے لئے نویں اور دسویں محرم الحرام کو شہر سیل کیا جا سکتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ محرم الحرام کی آمد کے موقع پر فول پروف سیکورٹی انتظامات پر سختی سے عمل جاری ہے۔

ڈی پی او نے سکیورٹی پلان کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ شہر کو 4 زون، 10 سیکٹرز اور 20 سب سیکٹرز میں تقسیم کیا گیا ہے۔ محرم الحرام کے دوران ساڑھے چھ ہزار سے زائد پولیس اہلکار ڈیوٹی سرانجام دیں گے۔ سکیورٹی کو مدنظر رکھتے ہوئے ضلع بھرکو چار زونز، دس سیکٹرز اور بیس سب سیکٹرز میں تقسیم کیا گیا ہے۔زونز کے انچارج ایس پی جبکہ ہر سیکٹر انچارچ ڈی ایس پی رینک کا آفیسر ہو گا۔ ضلع بھر میں کل 66 تھلہ جات ہیں جن میں 26 رجسٹرڈ اور 40 غیر رجسٹرڈ ہیں۔ جن میں سے 26 کو حساس ترین اور 43 کو نارمل قرار دیا گیا ہے۔ تمام ضلع میں 174 جلوس نکالے جائیں گے، جن میں سے 71 رجسٹرڈ اور 103 غیر رجسٹرڈ ہیں۔ محرم الحرام کے دوران 642 مجالس منعقد کی جائیں گی۔ محرم الحرام کے دوران 144 مجالس، 22 سیج، 8بیڑہ، 2 گھڑی گھڑولہ، 3 مکانڑ، 9 مہندی، 19 ذوالجناح اور 19 تعزیہ سمیت کل 226 پروگرام برپا ہوں گے۔ محرم الحرام کے دوران مجالس اور جلوسوں کی سکیورٹی کے لئے چار ایس پیز، دس ڈی ایس پیز، پندرہ انسپکٹرز، 95 سب انسپکٹرز، 146 اسسٹنٹ سب انسپکٹرز، 500 ہیڈ کانسٹیبلز، 4955 کانسٹیبلز سمیت 6566 سے زائد پولیس اہلکار ڈیوٹیاں سر انجام دیں گے۔

اس کے علاوہ ایف سی کی پلاٹونز اور پاک فوج کی فورس 20QRF بھی سکیورٹی ڈیوٹی سرانجام دیں گی۔ ضلع میں 83 داخلی خارجی پوائنٹس پر ناکہ بندیاں ہونگی۔ ان میں سے 18 ناکہ بندیوں پر پاک فوج کے ساتھ پولیس کے جوان بھی ڈیوٹی سر انجام دیں گے۔ ڈیرہ اسماعیل خان شہرمیں داخل ہونے والے 48 مقامات کو سیل کیا جائے گا جبکہ 14 مقامات نیو بنوں چونگی، کوٹلی امام حسین (ع)، امامیہ گیٹ، قریشی موڑ، مسلم بازار، توپانوالہ بازار اور ملتان روڈ وغیرہ پر پاک فوج اور پولیس کی مشترکہ چیک پوسٹیں بنائی جائیں گی، اسی طرح سی آر بی سی نہر کے 18 پلوں پر پولیس کی ناکہ بندیاں لگائی جائیں گی جبکہ 6566 پولیس اہلکار بیک وقت اپنی ڈیوٹیاں سرانجام دیں گے۔ ماتمی جلوسوں اورمجالس کی نگرانی خفیہ کیمروں کے ذریعے بھی کی جائے گی۔
خبر کا کوڈ : 880521
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش