0
Sunday 16 Aug 2020 19:05

اسرائیل عالم اسلام کو کھا جانے کی سازش کر رہا ہے، علامہ رضا ثاقب مصطفائی

اسرائیل کو تسلیم کرنیوالے عرب ملک نظریے پر نہیں، لسانی بنیاد پر معرض وجود میں آئے
اسرائیل عالم اسلام کو کھا جانے کی سازش کر رہا ہے، علامہ رضا ثاقب مصطفائی
اسلام ٹائمز۔ ممتاز عالم دین اور مفکر اسلام علامہ محمد رضا ثاقب مصطفائی نے لاہور میں جشن آزای کی مناسبت سے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسلام کی قومیت کی بنیاد وطن اور جغرافیہ نہیں، نظریہ ہے، پاکستان کا نظریہ پہلے ہے ملک بعد بنا، دنیا میں ملک پہلے بنتے ہیں نظریہ بعد میں آتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا میں پاکستان وہ ملک ہے جس کا نظریہ پہلے آیا، لاالہ الاللہ اس کا نظریہ تھا، اور ملک بعد میں معرض وجود میں آیا۔ انہوں نے کہا کہ ایک ملک اور بھی نظریے کی بنیاد پر ہے، اور اس کا جغرافیہ نہیں ہے، وہ اسرائیل ہے، اسرائیل کی کوئی سرحد نہیں، ہر سال پھیلتی ہے، ان کا نظریہ غالب ہے، وہ نظریہ یہود پر ملک حاصل کرتے ہیں اور پھر سرحد بنا لیتے ہیں۔

علامہ رضا ثاقب مصطفائی کا کہنا تھا کہ آج بہت شور ہے کہ عربوں نے اسرائیل کو تسلیم کر لیا ہے، بعض دانشور ہمیں بھی مشورہ دیتے ہیں کہ اسرائیل کو تسلیم کر لینا چاہیئے، مگر یاد رکھیں، یہ عرب ریاستیں جو بنی ہیں، یہ نظریے کی بنیاد پر نہیں لسانی بنیادوں پر کھڑی ہوئی ہیں، جب سلطنت عثمانیہ کو توڑا گیا تو عربوں کو کہا گیا آپ عرب ہو اور آپ پر عجمی حکومت کرتے ہیں، یہ سازش تھی مسلمانوں کو تقسیم کرنے کیلئے اور یوں الگ الگ عرب ریاستیں بنا کر مسلمانوں کو کمزور کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ علامہ اقبال نے اس عرب و عجمی کے معاملے کو بت کہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلمان کی پہچان ’’مصطفوی‘‘ ہے، یہ ہماری شناخت تھی، مگر آج ایک ملک نے اسرائیل کو تسلیم کرلیا ہے، کل کوئی اور کرے گا، ساری دنیا بھی اسرائیل کو تسلیم کر لے پاکستان تسلیم نہیں کرے گا، کیونکہ ہماری بنیاد دو قومی نظریہ ہے اور اسرائیل بھی نظریہ کی بنیاد پر بنا ہے، مگر پاکستان کسی صورت اسرائیل کو تسلیم نہیں کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ اسرائیل عالم اسلام کو کھا جانے کی سازش کر رہا ہے، لیکن ہم ایسا نہیں ہونے دیں، 73 برس بیت گئے، منزل اسے ملی جو شریک سفر نہ تھے، یہ گدھ ہیں جو ہمارے وسائل نوچتے رہے، ہماری نظریاتی اساس پر کلہاڑے چلائے گئے، کہا وہ بھی آلو کھاتے ہیں ہم بھی آلو کھاتے ہیں، کیا یہ قائداعظم کو پتہ نہیں تھا؟ تم قائداعظم سے بڑے لیڈر ہو، یہ ڈاکو اور لٹیرے ہماری سرحد کو کہتے رہے یہ لیکر ہے، جن لوگوں نے قربانیاں دیں، جن ماوں نے عزتیں بچانے کیلئے کنووں میں چھلانگیں لگائیں، ماوں سے بچوں کو چھین کر کرپان سے ذبح کیا گیا، ماں نے پھر بھی کہا لاالہ الاللہ۔

رضا ثاقب مصطفائی کا کہنا تھا کہ ملک کو کھوکھلا کرنیوالوں کا روز حساب آنیوالا ہے، یہ ملک مٹنے کیلئے نہیں بنا، یہ قائم و دائم رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس ملک کیساتھ ہم ٹوٹ کر محبت کرتے ہیں، اس ملک نے اسلام کیلئے بنیاد بننا ہے، آپ اپنے ذمہ کے کام کریں، اسرائیل کو تسلیم کرنیوالے خود مٹ جائیں گے، اسرائیل کو پاکستانی کبھی بھی تسلیم نہیں کریں گے۔
خبر کا کوڈ : 880579
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش