QR CodeQR Code

توشہ خانہ ریفرنس، آصف زرداری اسلام آباد پہنچ گئے، آج عدالت میں پیش ہونگے

17 Aug 2020 00:22

متعلقہ افراد کے علاوہ کسی شخص کو داخلے کی ہرگز اجازت نہیں ہوگی، احتساب عدالت کو چاروں اطرف سے باڑ لگا کر بند کردیا جائے گا اور شہریوں کے لیے متبادل راستے فراہم کیے جائیں گے۔


اسلام ٹائمز۔ سابق صدر آصف علی زرداری خصوصی پرواز کے ذریعے کراچی سے اسلام آباد پہنچ گے، وہ آج توشہ خانہ ریفرنس کیس میں احتساب عدالت میں پیش ہوں گے، ہنگامہ آرائی کے پیش نظر احتساب عدالت کی سیکیورٹی انتہائی سخت کردی گئی ہے۔ نجی ٹی وی کے مطابق آصف زرداری کی پیشی کے حوالے سے اسلام آباد پولیس نے احتساب کورٹ کے سخت سکیورٹی انتظامات کرلیے، ایک ہزار سے زائد پولیس افسران و جوان سیکیورٹی کے فرائض سرانجام دیں گے۔ ذرائع کے مطابق احتساب عدالت کے ملازمین اور کام کی غرض سے آنے والے شہری اپنے ضروری کاغذات ہمراہ رکھیں گے، متعلقہ افراد کے علاوہ کسی شخص کو داخلے کی ہرگز اجازت نہیں ہوگی، احتساب عدالت کو چاروں اطرف سے باڑ لگا کر بند کردیا جائے گا اور شہریوں کے لیے متبادل راستے فراہم کیے جائیں گے۔

دریں اثنا آصف زرداری کی نیب عدالت میں پیشی کے حوالے سے پیپلز پارٹی کا اہم مشاورتی اجلاس زرداری ہاؤس اسلام آباد میں طلب کرلیا گیا۔ اجلاس میں سابق صدر آصف زرداری، بلاول بھٹو زرداری اور آصفہ بھٹو زرداری اجلاس میں شریک ہوں گے۔ ذرائع کے مطابق قانونی ٹیم اور پارٹی کے سینئر رہنماؤں کو زرداری ہاؤس پہنچنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ اجلاس میں آصف زرداری کی پیشی سے متعلق تبادلہ خیال ہوگا، قانونی ٹیم آصف زرداری اور بلاول بھٹو کو بریفنگ دے گی، پیشی کے دوران پارٹی رہنماؤں اور کارکنان کی عدالت پہنچنے کا معاملہ بھی زیر غور آئے گا۔


خبر کا کوڈ: 880706

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/880706/توشہ-خانہ-ریفرنس-ا-صف-زرداری-اسلام-ا-باد-پہنچ-گئے-ا-ج-عدالت-میں-پیش-ہونگے

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org