QR CodeQR Code

اسرائیل-امارات دوستی معاہدہ

ہم دوسرے عرب ممالک کیجانب سے بھی اسرائیل دوستی میں شامل ہونیکے منتظر ہیں، نیتن یاہو

17 Aug 2020 02:17

غاصب صیہونی رژیم اسرائیل کے وزیراعظم نے امارات کیساتھ طے پانیوالے اپنے دوستی معاہدے کیجانب اشارہ کرتے ہوئے دوسرے عرب ممالک کو بھی ایک ایسے وقت میں اسرائیل کیساتھ دوستی کی دعوت دی ہے جب گزشتہ 1 ہفتے سے نہ صرف فلسطین کا سخت ترین محاصرہ جاری ہے بلکہ صیہونی لڑاکا طیاروں کیطرف سے بھی مظلوم فلسطینی شہری آبادیوں پر دن رات بم برسائے جا رہے ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ غاصب صیہونی وزیراعظم بنجمن نیتن یاہو نے اسرائیل-امارات دوستی معاہدے کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ گزشتہ 26 سال کے دوران اسرائیل کا کسی عرب ملک کے ساتھ یہ پہلا امن معاہدہ ہے۔ بنجمن نیتن یاہو نے مزید کہا کہ متحدہ عرب امارات کے ساتھ طے پانے والا معاہدہ 'امن بمقابلہ امن' کے اصول پر قائم ہوا ہے جو نہ صرف امن عمل کے فائدے میں ہے بلکہ فلسطینیوں کے ساتھ بھی حقیقی امن و امان کو مستحکم کرنے کا باعث بنے گا۔

غاصب صیہونی وزیر اعظم نے اسرائیل-امارات امن معاہدے پر تبصرہ کرتے ہوئے مزید کہا کہ اس معاہدے کے مطابق سال 1967ء کی سرحدوں تک ہماری عقب نشینی، اسرائیل کے کمزور ہونے کا باعث نہیں بنے گی جبکہ ہم دوسرے عرب ممالک کے بھی اسرائیل دوستی میں شامل ہونے کے منتظر ہیں۔ نیتن یاہو نے کہا کہ امارات و اسرائیل سرمایہ کاری، تجارت، توانائی، صحت اور سکیورٹی کے میدانوں میں مکمل امن و امان سے بھرپور فائدہ اٹھائیں گے۔ صیہونی وزیر اعظم نے مزید کہا کہ امارات کے ساتھ طے پانے والا دوستی معاہدہ ایک تاریخی تبدیلی تھا جو عرب دنیا کے ساتھ قائم ہونے والے امن و امان میں بھی ممد و معاون ثابت ہو گا۔

واضح رہے کہ گزشتہ جمعرات کے روز ایک ایسے وقت میں واشنگٹن، تل ابیب و ابوظہبی کی جانب سے اسرائیل-امارات دوستی پر مبنی مشترکہ بیان جاری کیا گیا جب مسئلۂ فلسطین کے خلاف چلی گئی 'صدی کی ڈیل' اور 'الحاقی منصوبے' جیسی مذموم سازشوں میں اسرائیل و امریکہ کی پے در پے ناکامیوں کے بعد غاصب صیہونی رژیم کی جانب سے مظلوم فلسطینیوں کے خلاف آئے دن غیر انسانی جرائم کا ارتکاب مسلسل جاری ہے۔ دوسری طرف فلسطین سمیت پورے عالم اسلام میں متحدہ عرب امارات جیسے مسلم عرب ملک کی جانب سے بچوں کی قاتل غاصب صیہونی رژیم کے ساتھ دوستانہ تعلقات استوار کئے جانے کے اس اقدام پر بھرپور احتجاج بھی جاری ہے۔


خبر کا کوڈ: 880707

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/880707/ہم-دوسرے-عرب-ممالک-کیجانب-سے-بھی-اسرائیل-دوستی-میں-شامل-ہونیکے-منتظر-ہیں-نیتن-یاہو

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org