0
Friday 29 Jul 2011 18:37

کوئٹہ میں دہشتگردی، ایران جانیوالے زائرین پر دہشتگردوں کی اندھا دھند فائرنگ، 7 افراد جاں بحق، متعدد زخمی

کوئٹہ میں دہشتگردی، ایران جانیوالے زائرین پر دہشتگردوں کی اندھا دھند فائرنگ، 7 افراد جاں بحق، متعدد زخمی
کوئٹہ:اسلام ٹائمز۔ کوئٹہ سریاب روڈ پر ایران جانے والی بسوں کے اڈے پر دہشت گردوں نے فائرنگ کر دی، جس سے سات زائرین جاں بحق ہو گئے۔ حملہ آور فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہو گئے۔ سریاب روڈ پر واقع اس اڈے سے زائرین ائیر کنڈیشنڈ کو چز کے ذریعے ایران جاتے ہیں، آج شام چار بجے کے قریب دہشت گردوں نے اس اڈے پر پہنچ کر وہاں موجود افراد پر فائرنگ شروع کر دی، جس سے سات زائرین موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے۔ پولیس نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر تمام نعشوں کو بی ایم سی ہسپتال پہنچایا، جاں بحق ہونے والے زائرین کوئٹہ سے تفتان کے راستے ایران جانے کے لیے بس اڈے پر پہنچے تھے۔ جاں بحق ہونے والوں میں ایک شخص عبدالنبی ریگی ایرانی ہے، جس کے پاس سے ایرانی پاسپورٹ برآمد ہوا ہے۔ دیگر افراد میں ضیغم عباس، عصمت اللہ، سید عون رضا اور معاذاللہ، عارف حسین شامل ہیں۔ جاں بحق ہونے والوں میں سے دو کا تعلق افغانستان اور چار کا پنجاب کے مختلف علاقوں سے بتایا گیا۔ عینی شاہدین کے مطابق حملے میں کلاشنکوف اور میگاروف پستولوں کا استعمال کیا گیا۔ واردات کے بعد حملہ آور فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہو گئے۔ پولیس شہر اور مضافات میں مختلف علاقوں میں چھاپے مار رہی ہے۔ 
دیگر ذرائع کے مطابق واقعہ کوئٹہ کے نواحی علاقے سریاب روڈ پر گورنر بلوچستان نواب ذوالفقار علی مگسی کی نجی رہائشگاہ کے قریب ایک گلی میں پیش آیا، جہاں مسافر ایک گیراج کے انتظار گاہ میں بس کی روانگی کا انتظار کر رہے تھے کہ اس اثناء میں موٹر سائیکل سوار نامعلوم مسلح افراد نے اندر گھس کر ان پر اندھا دھند گولیاں برسائیں۔ جس کے نتیجے میں چار زائرین سمیت سات افراد موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے۔ جاں بحق ہونیوالوں میں ایران کے دو باشندے عصمت اللہ اور عبدالنبی ریگی، کوئٹہ کا رہائشی  معاذاللہ اور پنجاب کے علاقے منڈی بہاؤ الدین سے تعلق رکھنے والے چار زائرین سید عون رضا، ضیغم عباس، عارف حسین اور سید قلب عباس شامل ہیں۔ پولیس اور ریسکیو ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر لاشوں کو بولان میڈیکل اسپتال منتقل کر دیا۔ عینی شاہدین کے مطابق دہشتگرد موٹر سائیکلوں پر سوار تھے جو واردات کے بعد باآسانی فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر ملزمان کی تلاش شروع کر دی۔ واقعہ کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا اور لوگ دکانیں کھلی چھوڑ کر بھاگ گئے۔ 
خبر کا کوڈ : 88083
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش