QR CodeQR Code

تحریک انصاف مذہبی امور ونگ نے علماء کے امن وفود پر تحفظات کا اظہار کر دیا

18 Aug 2020 21:15

ونگ کے مرکزی رہنما علامہ اصغر عارف چشتی نے دیگر عہدیداروں کے ہمراہ مشاورتی اجلاس کے بعد پریس کانفرنس میں کہا کہ صوبے میں قیام امن کیلئے بھجوائے جانیوالے وفود زبانی جمع خرچ ہیں، سالہا سال سے وہی پرانے وفود بھجوائے گئے ہیں جن کی فہرستیں محکمکہ اوقاف کے ملازمین کے پاس برسوں سے موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایسے افراد کے ناموں کو بھی وفود میں شامل کیا گیا جن کو دنیا سے گزرے بھی کئی برس بیت چکے ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ پاکستان تحریک انصاف مذہںی امور ونگ کے مرکزی رہنما علامہ اصغر عارف چشتی کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا جس میں صدر پی ٹی آئی علماء ونگ پنجاب مولانا افضل حیدری، سیکرٹری اطلاعات سید اویس الرحمن گیلانی، مولانا قاری فیاض چترالی، مولانا قاری محمد عارف، مولانا قاری نجیب اللہ و دیگر نے شرکت کی۔ اجلاس کے بعد پریس کانفرنس میں علامہ اصغر عارف چشتی نے محکمہ اوقاف کی کارکردگی اور محرم الحرام میں قیام امن کے سلسلہ میں صوبائی وفود پر تحفظات کا اظہار کیا۔ علامہ اصغر عارف چشتی کا کہنا تھاکہ صوبے میں قیام امن کیلئے بھجوائے جانیوالے وفود زبانی جمع خرچ ہیں، سالہا سال سے وہی پرانے وفود بھجوائے گئے ہیں جن کی فہرستیں محکمکہ اوقاف کے ملازمین کے پاس برسوں سے موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایسے افراد کے ناموں کو بھی وفود میں شامل کیا گیا جن کو دنیا سے گزرے بھی کئی برس بیت چکے ہیں۔

علامہ اصغر عارف چشتی کا کہنا تھا کہ محکمہ اوقاف نے اپنا مورال اتنا گرا دیا ہے کہ اوقاف کی مساجد اور آئمہ و خطباء کو عوام الناس بطور طنز سرکاری مولوی کہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری مولوی سرکاری مقام پر سرکاری افسران سے ملاقات کرکے عوام کو کیا تاثر دیتے ہیں، در اصل محکمہ اوقاف اپنی ناکامی کو چھپانے کیلئے سرکاری مولویوں کی قیادت میں وفود روانہ کرتے ہیں، چونکہ یہ آج تک بین المسالک رواداری کو فروغ دینے میں کامیاب نہیں ہو سکے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ملک کے جید علماء و مشائخ کی قیادت میں وفود تشکیل دیے جائیں اور یہ وفود مقامی مدارس مساجد اور امام بارگاہوں میں بین المسالک رواداری پروگرام کا انعقاد کریں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف علماء و مشائخ ونگ مسجد وزیر خان اور بادشاہی مسجد میں نازیبا حرکات کی شدید مذمت کرتا ہے اور سیکرٹری اوقاف ڈی جی اوقاف خطیب مسجد وزیر خان اور خطیب بادشاہی مسجد فوری طور پر برطرفی اور گرفتاری کا مطالبہ کرتا ہے۔


خبر کا کوڈ: 881069

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/881069/تحریک-انصاف-مذہبی-امور-ونگ-نے-علماء-کے-امن-وفود-پر-تحفظات-کا-اظہار-کر-دیا

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org