0
Tuesday 18 Aug 2020 21:15

خیبر پختونخوا میں اسکول کھولنے سے قبل عمارتیں دھونے کی ہدایت جاری

خیبر پختونخوا میں اسکول کھولنے سے قبل عمارتیں دھونے کی ہدایت جاری
اسلام ٹائمز۔ خیبر پختونخوا میں 15 ستمبر سے اسکول کھولنے کیلئے ایس او پیز جاری کر دیئے گئے۔ تفصیلات کے مطابق محکمہ تعلیم خیبر پختونخوا نے صوبے میں اسکول کھولنے کیلئے ایس او پیز جاری کر دیئے ہیں، جس کے تحت صوبے میں 15 ستمبر سے تعلیمی سلسلہ شروع ہو جائے گا، تاہم اسکول کھلنے سے دو دن پہلے تمام درسگاہیں پانی میں سرف اور ڈیٹول ڈال کر دھلوائی جائیں گی۔ محکمہ تعلیم کے مطابق اسکول سربراہ عملے سمیت ایس او پیز پر عمل یقینی بنائے گا، تعلیمی ادارے کھلنے سے پہلے اسکول کونسل اور اسٹاف میٹنگ کے علاوہ والدین کو آگاہی دی جائے، کلاس انچارج کے پاس بچوں کے والدین کے موبائل نمبرز کی فہرست لازمی ہو، والدین بچوں کو ماسک پہنا کر اور ہاتھ دھلوا کر اسکول بھیجیں، بیمار بچے کو اسکول نہ بھیجیں۔ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ اسکول انتظامیہ اور والدین بچوں کو 3 سے 6 فٹ کا سماجی فاصلہ برقرار رکھنے کی ہدایات دیں، بچوں کو ماسک پہننے، ہاتھ دھونے، آنکھ ناک کان نہ چھونے کی تربیت دی جائے، کلاس رومز روزانہ دھلوانے کے ساتھ چھوئے جانے والی تمام اشیاء روز صاف کی جائیں، اسکول میں ہاتھ دھونے کا زیادہ سے زیادہ انتظام ہو، ہر کلاس روم میں اسپرے اور سینیٹائزر موجود ہو اور ان کے استعمال کی مانیٹرنگ کی جائے، کوئی بچہ دوسرے سے کاپی، پنسل، کتاب، اسٹیشنری نہ لے، بریک، اسپورٹس، اسمبلی پر پابندی ہوگی۔
خبر کا کوڈ : 881070
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش