1
Wednesday 19 Aug 2020 02:20
اسرائیل-امارات دوستی معاہدہ

صیہونی دشمن کیساتھ دوستانہ تعلقات کی استواری امتِ مسلمہ کیساتھ خیانت ہے، اخوان المسلمین مصر

صیہونی دشمن کیساتھ دوستانہ تعلقات کی استواری امتِ مسلمہ کیساتھ خیانت ہے، اخوان المسلمین مصر
اسلام ٹائمز۔ مصری مذہبی و سیاسی جماعت اخوان المسلمین نے اپنے ایک بیان میں متحدہ عرب امارات کی جانب سے غاصب صیہونی رژیم اسرائیل کے ساتھ دوستانہ تعلقات استوار کئے جانے اور عرب حکومتوں کو بھی اپنے ہمراہ صیہونی دوستی کی "منحوس دلدل" میں پھنسانے کے اماراتی اقدامات کی پرزور مذمت کی ہے۔ اخوان المسلمین کی طرف سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ متحدہ عرب امارات کا (صیہونی دوستی پر مبنی) یہ فیصلہ نہ صرف فلسطینی امنگوں، قدس شریف اور مسجد اقصیٰ کے ساتھ خیانت ہے بلکہ ان شہیدوں کے خون کو بھی ضائع کرنے کے مترادف ہے، جو گذشتہ کئی عشروں سے اپنے ملک (فلسطین) کی آزادی کے لئے جانیں قربان کر رہے ہیں۔ معروف مصری دینی جماعت نے کہا کہ یہ اماراتی فیصلہ فلسطینی قوم کے مسلمہ حقوق کی بھی کھلی خلاف ورزی ہے۔

عرب ای مجلے عربی21 کے مطابق اخوان المسلمین نے غاصب صیہونی رژیم اسرائیل کے ساتھ کسی عرب یا اسلامی ملک کے کسی بھی قسم کے تعلقات کی مخالفت پر مبنی اپنے اصولی موقف پر زور دیتے ہوئے کہا کہ غاصب صیہونی رژیم کے ساتھ کسی بھی قسم کے تعلقات فلسطینی امنگوں اور امتِ مسلمہ و عرب دنیا کے اولین مسئلے کے ساتھ خیانت ہے۔ مصر کی قدیم اسلامی جماعت نے اپنے بیان میں تمام فریقوں کو فلسطینی مزاحمتی گروہوں کے درمیان موجود اختلافات کے فوری خاتمے اور فلسطینی مزاحمتی محاذ کے اتحاد و فلسطینی امنگوں کی پائمالی پر مبنی تمام منصوبوں کے ساتھ بھرپور مقابلے کی کھلی دعوت دی ہے۔

اخوان المسلمین نے اپنے بیان میں امتِ مسلمہ اور عرب دنیا سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ غاصب صیہونی رژیم کے ساتھ کسی بھی قسم کے تعلقات کی مخالفت کا اعلان کرتے ہوئے فلسطینی سرزمین کی آزادی اور قدس شریف کے دارالحکومت پر مبنی فلسطینی حکومت کے قیام کے لئے کوشاں فلسطینی مزاحمتی محاذ کی کھل کر حمایت کرے۔ اس بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ غاصب صیہونی رژیم کے ساتھ عرب حکومتوں کے معمول کے تعلقات استوار کرنے کا نتیجہ شکست، تباہی اور کاسہ لیسی کے علاوہ کچھ نہیں نکلے گا۔ اخوان المسلمین نے اپنے بیان کے آخر میں ایک مرتبہ پھر مسئلۂ فلسطینی کے پہلی ترجیح ہونے پر تاکید کرتے ہوئے کہا کہ فلسطین، قدس شریف اور مسجد اقصیٰ کی آزادی کی ذمہ داری دنیا کے تمام مسلمانوں اور آزاد انسانوں کی گردن پر عائد ہوتی ہے۔
خبر کا کوڈ : 881132
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش