1
Wednesday 19 Aug 2020 09:32

محرم الحرام کے دوران لاہور بھر میں سکیورٹی ہائی الرٹ رہے گی، اشفاق خان

محرم الحرام کے دوران لاہور بھر میں سکیورٹی ہائی الرٹ رہے گی، اشفاق خان
اسلام ٹائمز۔ لاہور پولیس کے آپریشنز ونگ نے پُرامن محرم الحرام یقینی بنانے، امن و امان برقرار رکھنے اور مجالس و جلوسوں کے شرکاء کو تحفظ فراہم کرنے کیلئے مفصل اور مربوط سکیورٹی پلان تشکیل دیا ہے۔ تمام پولیس افسران بین المسالک بھائی چارے، رواداری اور امن کے قیام نیز ہر قسم کے تنازعات اکابرین و علمائے کرام، کمیونٹی رہنماؤں سمیت تمام سٹیک ہولڈرز کی مشاورت اور افہام و تفہیم سے طے کرنے کیلئے بھرپور کوششیں کریں گے۔ تفصیلات کے مطابق ڈی آئی جی آپریشنز لاہور اشفاق خان کی زیر نگرانی گزشتہ سال کی طرح اس سال بھی محرم الحرام کے موقع پر سکیورٹی کے فول پروف انتظامات یقینی بنائے جا رہے ہیں۔ ڈی آئی جی آپریشنز اشفاق خان اس حوالے سے پولیس افسران، امن کمیٹی اور شیعہ عمائدین کیساتھ بیشتر اجلاس منعقد کر چکے ہیں۔
 
ڈی آئی جی آپریشنز اشفاق خان اشفاق خان نے کہا کہ محرم الحرام کے موقع پر 15 ہزار سے زائد پولیس افسران و اہلکار فرائض سرانجام دیں گے۔ سکیورٹی پلان کے مطابق 12 ایس پیز، 34 ڈی ایس پیز، 83 انسپکٹرز تعینات ہوں گے۔ اس کے علاوہ اینٹی رائٹ فورس، سپیشل سکیورٹی یونٹ، ڈولفن سکواڈ اور پولیس رسپانس یونٹ کے اہلکار بھی ڈیوٹی کریں گے۔
 
انہوں نے مزید بتایا کہ محرم کے دوران 10 ہزار سے زائد رضا کار چیکنگ کے فرائض سر انجام دیں گے۔ محرم الحرام کے تمام پروگراموں میں ماسک، سینیٹائزرز، سماجی فاصلے سمیت کورونا ایس او پیز پر مکمل عملدرآمد یقینی بنایا جائیگا۔ اشفاق خان نے کہا کہ شہر میں منعقد ہونیوالی 5 ہزار 235 مجالس اور 650 جلوسوں کو حساسیت کے اعتبار سے اے، بی اور سی کیٹیگری میں تقسیم کیا گیا ہے۔ 610 مجالس کو اے کیٹیگری، 3 ہزار 471 کو بی جبکہ 1 ہزار 154 مجالس کو سی کیٹیگری کے مطابق  حساس قرار دیا گیا ہے۔ اسی طرح لائسنسی اور غیر لائسنسی جلوسوں میں سے 143کو اے کیٹیگری، 449 کو بی جبکہ 58 جلوسوں کو سی کیٹیگری کے مطابق حساس قرار دیا گیا ہے۔
 
اشفاق خان نے کہا کہ محرم الحرام کے موقع پر مذہنی منافرت پر مبنی لٹریچر، متنازعہ تقاریر، وال چاکنگ اور اشتعال انگیز مواد کی تشہیر کی پابندی پر سختی سے عملدرآمد کروایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ محرم الحرام کی آمد کے پیش نظر حساس مقامات کے گردو نواح میں سرچ اینڈ سویپ آپریشنز، سنیپ چیکنگ، جیو فینسنگ، بائیو میٹرک تصدیق سمیت تمام حفاظتی اقدامات باقاعدگی سے جاری ہیں۔ تمام عزاداری جلوس اور مجالس اہمیت کی حامل ہیں جنہیں بھرپور سکیورٹی فراہم کی جائے گی۔ چیکنگ کیلئے میٹل ڈیٹیکٹرز اور واک تھرو گیٹس کا استعمال بھی یقینی بنایا جائے گا۔ اشفاق خان نے کہا کہ عزاداری جلوسوں کی پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کے سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے مانیٹرنگ کی جائے گی۔ امام بارگاہوں عزاداری جلوسوں کے روٹ میں آنیوالی عمارتوں کی چھتوں پر مشکوک افراد پر نظر رکھنے کیلئے سنائپرز بھی تعینات ہونگے۔
 
انہوں نے کہا کہ شہر کے 54 مختلف پوائنٹس پر شہریوں کی چیکنگ یقینی بنائی جائے گی۔ جلوس اور مجالس کے شرکاء کو مکمل تلاشی کے بعد ہی مجالس و جلوسوں میں داخلے کی اجازت ہو گی۔ شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر تمام گاڑیوں، موٹر سائیکلوں جبکہ لاری اڈوں، بس ٹرمینلز اور ریلوے سٹیشنز پر مسافروں کی چیکنگ اور شناخت یقینی بنائی جائے۔ ڈی آئی جی آپریشنز لاہور اشفاق خان نے مزید کہا کہ امام بارگاہوں کے اطراف اور روٹ کے راستے میں رہائش پذیر کرایہ داروں اور گھریلو ملازمین کی تھانوں میں رجسٹریشن بھی یقینی بنائی جا رہی ہے، سکیورٹی انتظامات یقینی بنانے کیلئے شہریوں کا تعاون ناگزیر ہے۔
خبر کا کوڈ : 881167
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش