QR CodeQR Code

فلسطین کے ساتھ محبت کی وجہ سے ہی اسرائیلی اور پاکستانی تعلقات کبھی قائم نہیں ہوسکے، فلسطینی سفیر

19 Aug 2020 21:08

بیان میں سفارتخانے نے وزیراعظم عمران خان کے سخت ردعمل دینے پر شکریہ ادا کیا اور ان تمام سیاسی جماعتوں، میڈیا اور سول سوسائٹی سمیت پاکستانیوں کی تعریف کی جو فلسطین کے ساتھ کسی بھی طرح سے اظہار یکجہتی کررہے ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ فلسطینی ریاست نے اسرائیل سے متعلق سخت ردعمل دینے اور فلسطینی مقاصد کی حمایت کرنے پر وزیراعظم عمران سے تشکر کا اظہار کیا ہے۔ اسلام آباد میں فلسطین کے سفارتخانے کی جانب سے جاری ایک بیان میں بھی فلسطین کے خلاف اسرائیلی جارحیت کی مذمت کرنے پر حکومت کا شکریہ ادا کیا گیا۔ اعلامیے میں کہا گیا کہ فلسطینی پاکستان کو اپنا دوسرا گھر اور پاکستانیوں کا اپنا عزیز بھائی سمجھتے ہیں جنہوں نے ہمیشہ دنیا کے ہر فورم پر فلسطین کی حمایت کی۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز وزیراعظم عمران خان نے متحدہ عرب امارات اور اسرائیل کے مابین امن معاہدے پر کہا تھا کہ پاکستان کا مؤقف بالکل واضح ہے کہ ہم اسرائیل کو کبھی تسلیم نہیں کر سکتے جب تک فلسطینیوں کو ان کا حق نہیں ملتا۔

نجی چینل دنیا نیوز کے پروگرام دنیا کامران خان کے ساتھ میں اپنی حکومت کی 2 سالہ کارکردگی سے متعلق خصوصی انٹرویو میں وزیر اعظم نے کہا تھا کہ قائد اعظم محمد علی جناح نے کہا تھا کہ فلسطینیوں کو حق ملے گا تو اسرائیل کو تسلیم کریں گے۔ عمران خان نے کہا تھا کہ اگر ہم اسرائیل کو تسلیم کرلیں تو مقبوضہ کشمیر کو بھی چھوڑ دینا ہوگا کیونکہ دونوں کا معاملہ یکساں ہے۔ متحدہ عرب امارات اور اسرائیل کے مابین معاہدے کے تناظر میں انہوں نے کہا تھا کہ ہر ریاست اپنی خارجہ پالیسی کی ذمہ دار ہے۔ اس حوالے سے آج جاری کردہ ایک بیان میں اسلام آباد میں قائم فلسطینی سفارتخانے کے حکام نے کہا کہ پاکستانی حکومت نے ہمیشہ ان کے مقصد کی حمایت کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اسرائیل کے بارے میں سوال کے جواب میں سفارتخانہ (وزیراعظم عمران خان) کے مؤقف کی دل سے داد دیتا ہے۔ اعلامیے میں کہا گیا کہ فلسطین کے ساتھ پاکستانیوں کی محبت کی وجہ سے ہی اسرائیلی اور پاکستانی تعلقات کبھی قائم نہیں ہوسکے۔ بیان میں سفارتخانے نے وزیراعظم عمران خان کے سخت ردعمل دینے پر شکریہ ادا کیا اور ان تمام سیاسی جماعتوں، میڈیا اور سول سوسائٹی سمیت پاکستانیوں کی تعریف کی جو فلسطین کے ساتھ کسی بھی طرح سے اظہار یکجہتی کررہے ہیں۔ بیان میں کہا گیا کہ ہمیں اُمید ہے کہ جب تک یروشلم القدس کو فلسطینی ریاست کا دارالحکومت تسلیم نہیں کیا جاتا پاکستان کی حمایت ہمارے ساتھ ہوگی۔
 


خبر کا کوڈ: 881303

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/881303/فلسطین-کے-ساتھ-محبت-کی-وجہ-سے-ہی-اسرائیلی-اور-پاکستانی-تعلقات-کبھی-قائم-نہیں-ہوسکے-فلسطینی-سفیر

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org