QR CodeQR Code

اسرائیل کیساتھ تعلقات پر مبنی سوڈانی بیان

سوڈان کھل کر فلسطین کی حمایت کرے؛ قابض رژیم کیساتھ تعلقات کا کوئی جواز نہیں، سوڈانی عوامی حلقے

19 Aug 2020 23:16

سوڈان کے عوامی حلقوں کیجانب سے اسرائیل کیساتھ تعلقات پر مبنی سوڈانی وزارت خارجہ کے بیان کی شدید مذمت کی گئی ہے۔ اس حوالے سے سوڈانی مذہبی سیاسی جماعت حزب الامۃ القومی کے سربراہ الصادق المہدی نے عرب نیوز چینل الجزیرہ قطر کیساتھ گفتگو کرتے ہوئے اماراتی اقدام و سوڈانی بیان کی شدید مذمت کی اور اسرائیل کیساتھ کسی بھی قسم کے تعلقات کو بلاجواز قرار دیا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ سوڈان کی دینی سیاسی پارٹی "حزب الامۃ القومی" کے سربراہ الصادق المہدی نے غاصب صیہونی رژیم اسرائیل کے ساتھ کسی بھی قسم کے تعلقات استوار کئے جانے کی شدید مذمت کی ہے۔ تفصیلات کے مطابق الصادق المہدی نے عرب نیوز چینل الجزیرہ قطر کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ عرب سرزمین پر قبضے کے باوجود قدس شریف پر قابض صیہونی رژیم کے ساتھ تعلقات استوار کئے جانے کا کوئی جواز نہیں۔

دوسری طرف سوڈانی علماء کی تنظیم "ھیئت علماء السودان" کے سربراہ محمد عثمان صالح نے بھی گزشتہ روز میڈیا کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے غاصب صیہونی رژیم کے ساتھ معمول کے تعلقات قائم کئے جانے کی شدید مذمت کی اور کہا کہ سوڈان کو چاہئے کہ وہ (مسئلۂ) فلسطین اور فلسطینی امنگوں کی کھل کر حمایت کرے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز سوڈانی وزارت خارجہ نے اسرائیل-امارات دوستی معاہدے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا تھا کہ اس بات کا امکان موجود ہے کہ خرطوم بھی جلد ہی تل ابیب کے ساتھ ایسا ہی معاہدہ طے کر لے گا۔ سوڈانی وزارت خارجہ کے ترجمان بدوی صادق نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ اسرائیل کے ساتھ دشمنی کے تسلسل کی کوئی وجہ نہیں جبکہ ہم ملکی مفاد کے تحت اسرائیل کے ساتھ دوستانہ تعلقات استوار کرنے کے خواہاں ہیں۔


خبر کا کوڈ: 881325

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/881325/سوڈان-کھل-کر-فلسطین-کی-حمایت-کرے-قابض-رژیم-کیساتھ-تعلقات-کا-کوئی-جواز-نہیں-سوڈانی-عوامی-حلقے

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org