0
Wednesday 19 Aug 2020 23:19

ملی یکجہتی کونسل گلگت بلتستان کا اجلاس، محرم الحرام میں امن برقرار رکھنے کے عزم کا اظہار

ملی یکجہتی کونسل گلگت بلتستان کا اجلاس، محرم الحرام میں امن برقرار رکھنے کے عزم کا اظہار
اسلام ٹائمز۔ ملی یکجہتی کونسل کا اجلاس گلگت میں ہوا۔ اجلاس میں محرم الحرام میں امن و امان کی صورتحال پر غور کیا گیا اور تجاویز دی گئیں اور اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ محرم الحرام میں امن و امان کے قیام کیلئے ملی یکجہتی کونسل کے پلیٹ فارم سے ہر ممکن کردار ادا کیا جائے گا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے نگران صوبائی وزیر و ملی یکجہتی کونسل جی بی کے سرپرست اعلیٰ مولانا سرور شاہ نے کہا کہ ہم سب امن کو ضرورت سمجھتے ہیں لیکن امن ضرورت نہیں مقصد حیات ہونا چاہیے، کیونکہ ضرورت ختم بھی ہو جاتی ہے لیکن مقصد حیات زندہ رہتا ہے۔ ہم نے علاقے کی اصل بیماری کو سمجھنا ہے، بدامنی ایک بیماری ہے اور اس بیماری کے اسباب بھی ہیں، وہ اسباب کیا ہیں ہمیں انہیں ڈھونڈنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اختلاف رائے کو احترام کی نظر سے دیکھنا چاہیے، جب ہم اختلاف رائے کو احترام کی نظر سے دیکھیں گے، دیگر مسالک کو احترام دینگے اور دوسروں کو خود سے بہتر سمجھیں گے تو اس وقت حقیقی امن قائم ہوگا۔ محرم الحرام ایک مقدس مہینہ ہے، ساتھ ہی عام انتخابات بھی نزدیک آ رہے ہیں۔ میں یہ بتایا چاہتا ہوں کہ اس وقت کمال ہوگا جب کوئی شیعہ لیڈر سنی محلہ میں جا کر ووٹ مانگے اور کوئی سنی لیڈر شیعہ محلہ میں جاکر مہم چلائے۔ اگر ہم خود کو امن کے داعی کہلواتے ہیں تو اہل سنت کے لوگ باہر جا کر وہیں باتیں کریں جو اس طرح کی نشستوں میں کرتے ہیں اور اہل تشیع کے لوگ وہی باتیں باہر جا کر کریں جو یہاں کرتے ہیں۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ملی یکجہتی کونسل گلگت بلتستان کے صدر شیخ میرزا علی نے کہا کہ ملی یکجہتی کونسل ایک نعمت ہے جس نے ملک میں خلفشار اور نفرتوں کی فضا کو کم کرنے کیلئے بہترین کردار ادا کیا۔ ہمیں تقسیم اور انتشار کو ختم کرنا ہوگا ورنہ ہماری نسلیں معاف نہیں کرینگی۔ ملی یکجہتی کونسل کے ذریعے محبتوں کا فروغ اور دوریوں کا خاتمہ ہمارا ہدف ہے، اس فورم کے زریعے ہم علاقے کے چہرے کو منور کر سکتے ہیں، ضرورت اس بات کی ہے کہ ہم صرف نشستوں تک محدود نہ رہیں بلکہ رفتہ رفتہ محلوں اور آبادیوں میں بھی جائیں اور امن کا پیغام دیں۔ ملکی یکجہتی کونسل کے رہنما و ایم ڈبلیو ایم کے سیکرٹری سیاسیات غلام عباس نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ محرم کی آمد آمد ہے، ملکی یکجہتی کونسل کا کردار ہونا چاہیے، اس فورم کے ذریعے علماء و ذاکرین تک ایک تحریری پیغام جانا چاہیے، انتظامیہ کا بھی اہم کردار ہے، اس کے ساتھ بھی ایک میٹنگ ہونی چاہیے، مرکزی عزاداری کونسل کے ساتھ بھی میٹنگ مفید ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل کا وجود ایک خنجر ہے، ایک اور خنجر متحدہ عرب امارات نے اسرائیل کو تسلیم کرکے اتارا ہے، یہ عالم اسلام کیلئے لمحہ فکریہ ہے۔

جمعیت اہل حدیث کے رہنما جمعہ دین نے خطاب کرتے ہوئے کہا فرقہ واریت کی بیخ کنی کرنی ہوگی، 2012ء سے اب تک یہ خطہ پرامن ہے، کسی مسلک کے ساتھ کوئی مسئلہ نہیں ہوا، سب مذہبی آزادی کے ساتھ رہ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملی یکجہتی کونسل کے پلیٹ فارم کے ذریعے ہماری یوتھ کے پاس جانے کی ضرورت ہے۔ جمعہ دین کا کہنا تھا اگر منبر رسول کو ایک امانت سمجھ کر علماء و ذاکرین استعمال کریں تو کوئی فرقہ واریت نہیں ہوگی، یہ ملک سب کا ہے، کسی کو جلوس روکنے کا کوئی حق حاصل نہیں کیونکہ اس ملک کو سب نے قربانیاں دے کر حاصل کیا، اس ملک میں سب کا کردار ہے اور سب کا حق ہے۔ انہوں نے کہا کہ کھیل کے میدان حتیٰ کہ سنیما میں سب اکھٹے ہیں لیکن صرف مسجد میں نہیں، ہمیں سوچنا چاہیے کہ صرف مسجد کی حد تک ہم تقسیم کیوں ہیں۔

جماعت اسلامی کے رہنما اور ملی یکجہتی کونسل کے سیکرٹری مالیات مولانا تنویر حیدری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملی یکجہتی کونسل ایک نعمت ہے جس نے پاکستان میں انتہائی پرآشوب حالات میں کردار ادا کیا، گلگت بلتستان ایک عرصے سے کھلاڑیوں کیلئے کھیل کا میدان بنا رہا ہے اور بدقسمتی سے ہم تماشائی کا کردار ادا کرتے رہے، لیکن کچھ عرصے سے عوام کو شعور آیا اور آپس میں مل بیٹھ گئے اور امن کا پرچم بلند کیا، ہمیں امید ہے کہ ملی یکجہتی کونسل اس قوم کو صحیح سمیت لے کر جائےگی، میں جماعت اسلامی کی طرف سے یقین دلاتا ہوں کہ ہم اس فور م کے دست و بازو بنیں گے۔ مرکزی علماء کونسل کے رہنما مولانا قاری محمد صدیقی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امن جی بی کے کسی ایک ضلع کی ضرورت نہیں بلکہ ہر فرد کی ضروت ہے، جی بی اور پاکستان کی بقاء اسی میں ہے کہ ہم امن سے رہیں، علماء سے گزارش ہے کہ وہ مجالس میں امن کا پیغام دیں۔ انہوں نے کہا کہ ملی یکجہتی کونسل کا ہر ماہ اجلاس بلایا جائے تاکہ آپس کے اختلافات، تعصبات اور علاقائیت کو ختم کیا جا سکے۔
خبر کا کوڈ : 881326
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش