QR CodeQR Code

عراق سے امریکی انخلاء

امریکہ عنقریب عراق سے اپنے 2,000 فوجی واپس بلا لے گا، عرب میڈیا

20 Aug 2020 03:38

عربی زبان کے اماراتی نیوز چینل سکائی نیوز کیمطابق امریکی وزارت خارجہ کے ایک اعلی عہدیدار نے نام فاش نہ کرنیکی شرط پر بتایا ہے کہ امریکہ جاری سال کے ماہ اکتوبر سے پہلے پہلے عراق کے اندر موجود اپنی افواج میں کمی کا آغاز کر دیگا۔


اسلام ٹائمز۔ عربی زبان کے اماراتی نیوز چینل سکائی نیوز کے مطابق امریکہ عراق میں موجود اپنے فوجیوں کی تعداد میں کمی لا رہا ہے۔ تفصیلات کے مطابق امریکی وزارت خارجہ کے ایک اعلی عہدیدار نے نام فاش نہ کرنے کی شرط پر اماراتی نیوز چینل کو بتایا ہے کہ اس بات کا قوی امکان موجود ہے کہ امریکہ جاری سال کے ماہ اکتوبر سے پہلے پہلے عراق کے اندر موجود اپنی افواج میں کمی کا آغاز کر دے گا۔ امریکی وزارت خارجہ کے اس اہلکار نے میڈیا کو بتایا کہ عراق سے واپس آنے والے متوقع امریکی فوجیوں کی تعداد 2 ہزار کے قریب ہو گی۔

واضح رہے کہ عرب میڈیا کی جانب سے عراق سے امریکی انخلاء پر مبنی یہ غیر مصدقہ خبر ایک ایسے وقت میں منظر عام پر لائی گئی ہے جب عراقی وزیر اعظم مصطفی الکاظمی ایک اعلی سطحی سفارتی وفد کے ہمراہ واشنگٹن میں موجود ہیں جہاں وہ امریکی صدر کے ساتھ بھی ملاقات کریں گے۔ یاد رہے کہ جاری سال کی ابتداء کے ساتھ ہی امریکی دہشتگردانہ ٹارگٹ کلنگ کی ایک کارروائی میں ایرانی سپاہ قدس کے کمانڈر جنرل قاسم سلیمانی اور عراقی حشد الشعبی کے ڈپٹی کمانڈر ابومہدی المہندس کی متعدد رفقاء سمیت شہادت پر عراقی پارلیمنٹ نے بھاری اکثریت کے ساتھ قرارداد منظور کرتے ہوئے ملک میں موجود تمام غیر ملکی خصوصا امریکی فورسز کو فوری طور پر عراق سے نکل جانے کا حکم صادر کر دیا تھا جبکہ امریکی فورسز کی جانب سے عراقی پارلیمانی حکم کو ماننے میں تاحال لیت و لعل سے کام لیا جا رہا ہے۔


خبر کا کوڈ: 881365

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/881365/امریکہ-عنقریب-عراق-سے-اپنے-2-000-فوجی-واپس-بلا-لے-گا-عرب-میڈیا

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org