1
Thursday 20 Aug 2020 23:04
اسرائیل-امارات دوستی معاہدہ

امارات خطے کی اقوام کیخلاف سازشوں میں غاصب صیہونی دشمن کا شریک بن چکا ہے، سید عبدالملک الحوثی

صیہونی دشمن کی دوستی تمام کے تمام اسلامی اصولوں کو پائمال کرنیکے مترادف ہے
امارات خطے کی اقوام کیخلاف سازشوں میں غاصب صیہونی دشمن کا شریک بن چکا ہے، سید عبدالملک الحوثی
اسلام ٹائمز۔ یمنی اسلامی مزاحمتی تحریک انصار اللہ کے سربراہ سید عبدالملک الحوثی نے نئے اسلامی سال کے آغاز کی مناسبت سے ہونے والے اپنے خطاب میں تاکید کرتے ہوئے کہا ہے کہ غاصب صیہونی رژیم کے ساتھ دوستانہ تعلقات استوار کرنے والے، امتِ مسلمہ کے خلاف ظلم و ستم، کرپشن اور سازشوں پر مبنی اسرائیل کے ہر گھناؤنے اقدام میں برابر کے شریک ہیں۔ عرب نیوز چینل المیادین کے مطابق انصاراللہ یمن کے سربراہ نے اپنے خطاب میں کہا ہے کہ (متحدہ عرب) امارات و اسرائیل کے درمیان طے پانے والا اتحاد اور دوستانہ تعلقات کوئی نئی چیز نہیں بلکہ یہ اتحاد، سعودی عرب، بحرین اور سوڈان کو بھی اپنے اندر شامل کر لے گا۔

سید عبدالملک الحوثی نے کہا کہ متحدہ عرب امارات و اسرائیل
کے درمیان استوار ہونے والے دوستانہ تعلقات میں نئی بات یہ ہے کہ ان تعلقات کے ذریعے غاصب صیہونی رژیم کے ساتھ عرب ممالک کے دوستانہ تعلقات کو رواج ملا ہے۔ انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ دشمن کے ساتھ دوستانہ تعلقات استوار کرنے والا فریق، امتِ مسلمہ کے سپوتوں کے خلاف صیہونی ظلم و ستم، کرپشن اور سازشوں پر مبنی اقدامات میں بھی برابر کا شریک قرار پائے گا۔ سید عبدالملک الحوثی نے کہا کہ سعودی عرب، امارات اور بحرین (کی آمر حکومتیں) امن و امان کے داعی نہیں جبکہ اپنے عوام کے خلاف ان کے ظلم و ستم پر ساری دنیا گواہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ جو غاصب صیہونی رژیم کے ساتھ دوستی کے خواہاں ہیں، اپنی اسی رفتار سے امتِ مسلمہ کے سپوتوں کے ساتھ دوستی کے لئے کیوں آگے نہیں
بڑھتے؟ کیونکہ اماراتی حکومتی نظام امن و امان کا خواہاں نہیں بلکہ امتِ اسلامی کے درمیان فتنہ انگیزی چاہتا ہے۔

انصار اللہ یمن کے سربراہ نے اپنے خطاب کے دوران امریکی قبضے کے خلاف شامی قوم کے ساتھ یمنی عوام کی یکجہتی اور ہمدردی پر زور دیا اور امریکی قبضے کے خلاف شامی جدوجہد میں یمنی شراکتداری کا بھی اعلان کیا۔ انہوں نے لبنانی دارالحکومت بیروت کے اندر ہونے والے مہیب دھماکے پر اپنے گہرے غم کا اظہار کرتے ہوئے لبنانی قوم کے ساتھ اپنی یکجہتی پر زور دیا۔ سید عبدالملک الحوثی نے اس حوالے سے کہا کہ ہم لبنانی مزاحمتی محاذ کے خلاف ہونے والی سازشوں کو اچھی طرح جانتے ہیں اور ان کے خلاف حزب اللہ لبنان اور لبنانی قوم کے ساتھ کھڑے ہیں۔ انہوں نے غاصب صیہونی
رژیم اسرائیل کی فتنہ انگیزیوں کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ صیہونی دشمن اسرائیل نے اپنی ناجائز پیدائش کے بعد سے تاحال منفی و تخریبکارانہ کردار کے علاوہ کچھ نہیں نبھایا کیونکہ وہ ایک غاصب رژیم ہے جس کو فلسطین پر قبضے کا کوئی حق حاصل نہیں۔ انہوں نے واشگاف الفاظ میں کہا کہ خطے کے اندر صیہونیوں کا کردار ہمیشہ تخریبکارانہ رہا ہے جبکہ امت مسلمہ کے حوالے سے ان کے اندر شدید کینہ بھی پایا جاتا ہے۔

انصاراللہ یمن کے سربراہ نے تاکید کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیلی حامی، ایک عظیم حقیقت میں تحریف کرنا اور امتِ مسلمہ کے سامنے غاصب صیہونی دشمن اسرائیل کے گھناؤنے چہرے کو خوبصورت بنا کر پیش کرنا چاہتے ہیں تاکہ اُسے ایک امن پسند ملک قرار دیتے ہوئے غاصب صیہونی
دشمن کے جرائم اور بربریت سے متعلق حقائق کو جھٹلا دیں اور اس کے ساتھ ساتھ فلسطینی قوم، اس کے مزاحمتی محاذ اور اس کی مجاہد قومی شخصیات کا چہرہ بگاڑ کر پیش کریں۔ انہوں نے تاکید کرتے ہوئے کہا کہ سعودی، اماراتی، بحرینی اور سوڈانی رژیمیں بھی ایسی ہی ہیں۔ سید عبد الملک الحوثی نے بعض عرب حکومتوں کی جانب سے فلسطینی مجاہدین کے بارے موجود حقائق کو غاصب صیہونی رژیم کے حق میں الٹا پیش کرنے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ غاصب صیہونی رژیم کے ساتھ دوستانہ تعلقات استوار کرنے والے، فلسطینی قوم اور خطے کی تمام اقوام کے خلاف اسرائیلی جرائم میں برابر کے شریک ہیں۔

سید عبدالملک بدر الدین الحوثی نے اپنے خطاب کے دوران اسرائیلی حامیوں کو فلسطینی مزاحمتی محاذ،
حزب اللہ اور آزاد انسانوں کے خلاف صیہونی جرائم میں اتحادی قرار دیا اور کہا کہ وہ ہر اس فریق کے دشمن ہیں جس کا اسرائیل دشمن ہے اور یہی وجہ ہے کہ ہم دیکھ رہے ہیں کہ سعودی شاہی رژیم کی جانب سے فلسطینی مزاحمت کے حامیوں کو، صرف اور صرف اُن کے اسرائیل مخالف ہونے کی بناء پر گرفتار کر کے شکنجوں میں کسا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ صرف غاصب صیہونی رژیم کے ساتھ معمول کے تعلقات استوار کرنا نہیں بلکہ حقیقی مسئلہ؛ غاصب صیہونی دشمن اسرائیل کے ساتھ وفاداری ہے جبکہ قرآن حکیم نے اس حوالے سے جابجا خبردار بھی کر رکھا ہے اور یہی وجہ ہے کہ غاصب صیہونی دشمن کے ساتھ دوستی کرنے والا فریق، تمام کے تمام اسلامی اصولوں کو پائمال کرنے کا مرتکب قرار پاتا ہے!
خبر کا کوڈ : 881535
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش